سندھ اسمبلی میں وزیراعظم کے استعفے سے متعلق قراردادیں منظور

کراچی جدت ویب ڈیسک سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف سے فوری مستعفی ہونے کی قراردادیں کثرت رائے سے منظورکرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرسیدہ شہلا رضا کی سربراہی میں سندھ اسمبلی میں ہوا۔دوران اجلاس پیپلز پارٹی کی خیر النسا مغل نے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کی قرارداد پیش کی۔قراردادوں کے متن میں کہا گیا تھا کہ جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی لیکن جے آئی ٹی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے حکومت کے ہر دبا ئوکو رد کردیا، نواز شریف عہدے کا اخلاقی جوازکھو چکے ہیں۔سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کےخلاف جھوٹے کیس بنائے گئے۔ سیف الرحمان اورچوہدری شجاعت نے تسلیم کیا کہ وہ غلط کیس تھے۔انہوں نے کہاکہ شریف خاندان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ قہر خداوندی ہے، وزیر اعظم کا عہدہ وقار اور ایمانداری کا متقاضی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف پر سنگین الزامات ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے بھی وزارت عظمی کے عہدے کو قربان کردیا تھا۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا وزیراعظم ایک باوقار شخص ہو،ہماری اپنی عزت اور وقار سے زیادہ ملک کا وقار اہم ہے۔سعید غنی نے کہاکہ نواز شریف کی عہدے پر موجودگی ہر لمحہ پاکستان کے وقار کو کم کررہی ہے۔ملک بحران میں گھرا ہے لیکن حکومت کہیں نظر نہیں آرہی۔ ملک میں جب بھی بحران آیا وفاقی وزیر داخلہ کی کمر میں درد ہوجاتا ہے۔ حکومت کی توجہ صرف جے آئی ٹی اور پاناما کی طرف ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.