سعودی عرب نے بڑا اعلان کردیا، جانیے

جدت ویب ڈیسک : سیاحت کے شوقین لوگوں کے لیے آئندہ برس سے سعودی عرب نے سیاحت کے لیے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی۔
سعودی کمیشن فار ٹورازم اینڈ نیشنل ہیرٹیج کے سربراہ سلطان بن سلمان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہمارا ہدف ہے کہ لوگ یہاں آئیں اور ہماری ریاست کی عظمت کا خود تجربہ کریں، ہمیں امید ہے کہ سال 2018ء میں ہم سیاحتی ویزے کا اجرا شروع کردیں گے، ویزے کا حصول آسان بنانے کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جاسکیں گی۔اس ضمن میں سعودی حکومت نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب کے نزدیک ریڈ سی میں واقع جزیروں میں انفرااسٹرکچر قائم کرکے انہیں سیاحت کے لیے تیار کیا جائے گا، وہاں سیر وتفریح کی سہولیات میسر کی جائیں گی ،اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 2022ء تک مکمل ہوجائے گا، قبل ازیں سعودی عرب کی جانب سے انٹرٹینمنٹ سٹی کے قیام، تھیم پارک بنانے سمیت دیگر سیاحتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے۔سلطان بن سلمان نے کہا کہ ہمارے کمیشن کا مقصد سیاحوں کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا ہے، ہمارے اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب کے مقامی شہری سیاحت کی مد میں سالانہ 20 ارب ڈالر خرچ کرتے ہیں اس میں کمی کے پیش نظر سیاحتی مقامات کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے پر کام جاری ہے اور اب سیاحتی ویزوں کے اجرا سے اس آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.