فلم ’’پنجاب نہیں جائوں گی‘‘ کی لاہور تھیٹر میں نمائش

لاہور جدت ویب ڈیسک پاکستان کی فلم انڈسٹری کی بحالی کے عمل میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے نئی پاکستانی رومانوی فلم پنجاب نہیں جائونگی کی عید الالضحیٰ سے قبل لاہور کے سائن اسٹار تھیٹر میں افتتاحی نمائش منعقد کی گئی۔ ستاروں جیسی جگمگاتی تقریب میں فلم کے ستاروں سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات، دیگر صنعتوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد اور فلم کے مرکزی اسپانسر بینک الفلاح کے سینئر انتظامی عہدے داران نے شرکت کی۔ فلم کے افتتاحی شو میں شریک افراد کی جانب سے بھرپور پذیرائی دی گئی جو فلم کی کامیابی کی دلیل ہے۔ ’’پنجاب نہیں جائونگی‘‘ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے جس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جو اس سے قبل 2015میں کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والی فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ بھی بناچکے ہیں۔ فلم کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی ہے۔ بینک الفلاح کی اسپانسر شدہ یہ فلم ہمایوں سعید، مہوش حیات اور عروہ حسین کے درمیان محبت کی تکون کے گرد گھومتی ہے ۔ فلم میں شامل دیگر نمایاں فنکاروں میں احمد علی بٹ، صبائ حمید، سہیل احمد، اظفر رحمٰن اور نوید شہزاد شامل ہیں۔تفریح سے بھرپور یہ فلم ملک بھر کے سینمائوں میں عیدالالضحیٰ پر ریلیز کی جائیگی۔ اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بینک الفلاح کے چیف مارکیٹنگ آفیسر علی مستنصر نے کہا کہ’’ بینک الفلاح پاکستان میں جدید اختراعات کے ساتھ تخلیقی سرگرمیوں اور فنون لطیفہ کی بھرپور معاونت فراہم کرتا ہے۔ ہمارے لیے پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی ہمیشہ سے اہم ترجیح رہی ہے۔ بینک نے نہ صرف معروف فلم سازوں کے ساتھ تعاون کیا بلکہ بینک الفلاح کے رائزنگ ٹیلنٹ پلیٹ فارم سے بھی نئے فلم سازوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔‘‘بینک الفلاح دیگر ذرائع کے علاوہ اپنے رائزنگ ٹیلنٹ پلیٹ فارم کے ذریعے فلم، فیشن اور، جدید اختراعات اور کھیلوں کی سرپرستی اور معاونت کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے۔بینک کی معاونت کے نتیجے میں متعدد فلم ساز، فیشن ڈیزائنرز، موجدین اور کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کرتے ہوئے اپنے کیریئر کو مضبوط بناچکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.