صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت کا آج آخری روز ،کل ڈاکٹر عارف علوی حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: جدت ویب ڈیسک :: ایوان صدر کے مکین صدر مملکت ممنون حسین کی مدت صدارت کا آج آخری روز ہے۔ترجمان ایوان صدر کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی کل پاکستان کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے نتیجے میں ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔ صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔
ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔
صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق صدر ممنون حسین نے گزشتہ روز ایوان صدر کے افسران اور اہلکاروں سے الوداعی ملاقات کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.