احتساب صرف وزیراعظم کا نہیں سب کا ہونا چاہیے ٗعظمیٰ بخاری

لاہور جدت ویب ڈیسک پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جو اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس کے معاملے پر صرف حکومت پر الزامات عائد کر رہی ہیں ٗ ان کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ایک انٹرویو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بار بار کہتی ہے کہ اگر ان کی جماعت نے کرپشن کی ہے تو حکومت کارروائی کرے لیکن جب ہم ایسا کرنے کی بات کرتے تو یہی آگے بڑھ کر شور مچاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومت سے ساڑھے 4 سالوں میں جو غفلت ہوئی وہ یہ ہے کہ ہم کوئی ایسا قانون نہیں لاسکے جس کے ذریعے سب کا ایک طرح کا احتساب ہوسکتا اور اس پر ہمیں افسوس بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکومت نے احتساب کا ایک قانون لانے کی کوشش کی، لیکن دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف وزیر اعظم نواز شریف کو ہی نشانہ بناتی ہیں جس کی وجہ سے حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی۔لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کئی ایسے لوگ ہیں جو کرپشن کے ذریعے یہاں تک پہنچے، لہٰذا ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ آج جو جماعتیں عدالت میں ہم پر الزام کو ثابت کرنے آرہی ہیں وہ خود بھی دیکھیں کہ ان کی اپنی کتنی آف شور کمپنیاں ہیں لیکن اس پر کبھی کسی نے بات نہیں کی۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آج جو لوگ بار بار وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ یہ بھی یاد رکھیں کہ اگر نواز شریف وزیر اعظم ہاؤس سے باہر آگئے تو ان کیلئے اور بڑا خطرہ ثابت ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.