کراچی میں بارش، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا،کئی علاقوں میں بجلی غائب

کراچی جدت ویب ڈیسک شہر قائد میں ہلکی اور تیز بارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ بارش سے کئی علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اورتیزبارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوارہوگیا ہے جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں 25 کلومیٹرکی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، صبح کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد رہا۔شہرمیں ہلکی بارش کی وجہ سے سڑکوں پرپھسلن ہوگئی جس کے نتیجے میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کومعمولی نوعیت کے حادثات پیش آئے، بارش کے نتیجے میں متعدد فیڈرزٹرپ ہوگئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی جب کہ تاحال کوئی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔دوسری جانب کے الیکٹرک نے دعوی کیا ہے کہ گزشتہ رات بارش کے باعث100 سے زائد فیڈر ٹرپ ہوئے تھے اب متاثرہ فیڈر بحال ہوچکے ہیں ۔ مختلف علاقوں میں ٹیکنیکل فالٹس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے ۔ کے الیکٹرک کا عملہ فالٹس درست کرنے میں مصروف ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.