پاکستان میں میوزیکل بینڈز کلچر کی واپسی

کراچی جدت ویب ڈیسک پندرہ سال کے وقفے کے بعد پیپسی پاکستان نے ملک میں ’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ کو دوبارہ شروع کرنے کا فخریہ اعلان کیا ہے ۔ موسیقی کے اس سب سے بڑے رئلیٹی شو کے آفیشل ججوں میں فواد خان، عاطف اسلم، میشا شفیع، شاہی حسن اور فاروق احمد جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ شوبز کی دنیا کے یہ دمکتے ستارے پیپسی پاکستان کی جانب سے کراچی کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں شریک ہوئے ۔ پریس کانفرنس سے کچھ ہی دن قبل ’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ کو میڈیا پرگلوکار عالمگیر کے مشہور زمانہ گیت ’دیکھا نہ تھا‘ اور وائٹل سائنز کے یاگار نغمے ’دو پل کا جیون‘ پر مبنی ایک کمرشل پرومو کے طور پر ریلیز کیا جاچکا ہے ۔ دنیا بھر میں فواد خان کے مداح بڑی شدت سے انہیں موسیقی کی طرف لوٹتے دیکھنے کا انتظار کررہے ہیں جس کے لیے فواد خان بھی گزشتہ چھہ ماہ سے تیاریاں کررہے تھے ۔

 

فواد موسیقی کی دنیا کے چار دیگر ستاروں عاطف اسلم، میشا شفیع، شاہی حسن، اور فاروق احمد کے ساتھ مل کر پاکستان میں نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو آگے لانے میں اپنا کردار ادا کریں گے جبکہ معروف اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل عائشہ عمر آٹھ اقساط پر مبنی اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ فواد خان نے بھی اپنے فنی کیریئر کا آغاز ۲۰۰۲میں راک بینڈ ’ای پی‘ کے ساتھ پیپسی بیٹل آف دی بینڈز میں حصہ لے کر ہی کیا تھا اور سیمی فائنل تک پہنچ گئے تھے ۔ اور آج پندرہ سال بعد اپنے کیرئر کے عروج پر وہ مقابلے میں جج کی کرسی پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ شاہی حسن پاکستان کے سب سے زیادہ شہرت یافتہ بینڈ وائٹل سائنز کے ایک اہم رکن رہے ہیں اور اب ملک میں نئے ٹیلنٹ کی سرپرستی کررہے ہیں۔ فاروق احمد جن کا بینڈ آروح سب سے پہلے ’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ کا فاتح بھی ہے ، اس شو میں بطور مہمان جج واپس آئے ہیں، اور مقابلے کے آڈیشن کے مرحلے میں اپنی خدمات فراہم کرچکے ہیں۔ فاروق بھی اپنی صلاحیتوں اور تجربے سے اس فرنچائز کے ذریعے ملک میں میوزیکل بینڈز کے رواج کو ایک نئی جہت دینے میں کردار ادا کریں کے ۔ بیٹل آف دی بینڈز مقابلے سے قبل, ملک بھر سے سیکڑوں کی تعداد میں آڈیشن ویڈیوز موصول ہوئیں جن میں سے کل چھتیس ۳۶ بینڈز کو مقابلے میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا۔

پیبسی نے یہ آڈیشن سال کے اوائل میں منعقد کئے تھے جن میں سے بہترین بینڈز مقابلوں کا حصہ بننے جارہے ہیں۔ شو کا یہ سیزن آٹھ اقساط پر مبنی ہے جن میں آڈیشن کے مرحلوں کے لیے جج کے فرائض فواد خان، میشا شفیع اور فاروق احمد نے انجام دیے جبکہ بیٹل راؤنڈز یا مقابلے کے مرحلوں میں عاطف اسلم اور شاہی حسن بھی شامل ہوگئے ہیں۔ اب تک شو کی توانائی اور موسیقی سے بھرپور دو اقساط نشر کی جاچکی ہیں جن کو میڈیا اور موسیقی کے مداحوں میں بہت سراہا گیا ہے ۔ اس پریس کانفرنس میں آٹھ بہترین بینڈز کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا جو اب پروگرام کے اگلے چھہ اہم راؤنڈز میں حصہ لیں گے ۔ ان باصلاحیت آٹھ بینڈز میں، جن کا تعلق موسیقی کی مختلف اصناف سے ہے ، کشمیر، درویش، روٹس، بدنام، اورا، میڈ لاک، شجر اور جسیم شامل ہیں۔ پیپسی کو کے مینجنگ ڈائرکٹر سلمان بٹ نے ’پیپسی بیٹل آف دی بینڈز‘ کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پیپسی کی برانڈ پاکستان میں ہمیشہ موسیقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور پیپسی بیٹل آف دی بینڈز سے ہمیں موسیقی کی خدمت کا ایک اور موقع ملا ہے ۔‘مقابلے میں شرکت کرنے والے بینڈز ہی اس شو کے حقیقی ستارے ہیں اور شو میں ان کے ایک انڈرگراؤنڈ راک گروپ سے لے کر ان کے بیٹل آف دی نینڈز میں شرکت کی کہانی کو بھی بیان کیا جائے گا۔ پیپسی بیٹل آف دی بینڈز نہ صرف پاکستان کی موسیقی کی صنعت میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ یہ انٹرٹینمنٹ سے وابستہ انتہائی باصلاحیت لوگوں کو ایک چھت کے نیچے لانے کا بہانہ بھی ہے ۔

 

 

گریمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیے جانے والے فیصل رفیع اور ان کی باصلاحیت ٹیم کی میوزک پروڈدکشن کے ساتھ پیپسی بیٹل آف دی بینڈز پاکستانی موسیقی کی صنعت میں کسی دھماکے سے کم نہیں ہوگا۔ شو میں ویڈیو پروڈیوسر کے فرائض گرین چلیز پروڈکشن کے سعد مجیب انجام دیں گے ۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے ججوں اور بیڈز کی اسٹائلنگ کے لیے ملک کے نامور ڈیزائنرز اور سیلیبریٹی سٹائلسٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پیپسی پاکستان نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے میوزک ڈائرکٹر اینڈریو بریملے کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیاہے جوتقریبا نو سال تک شہرہ آفاق بینڈ کولڈ پلے کی میوزک ویڈیوز ڈائریکٹ کرتے رہے ہیں۔ ان کا ساتھ ڈی اوپی نک کولیئر دیں گے جو ’ایکس فیکٹر‘ جیسے شو اور ’اولمپکس گیمز‘ کے لیے کام کرچکے ہیں جبکہ لائٹنگ پروگرامر جیک لینیکر بھی خاص طور پر اس شو کے لیے پاکستان تشریف لائے ہیں۔ شو کے ایگزکٹو پروڈیوسر ’انٹرنیشنل ایڈورٹائزنگ لمٹیڈ، ساچی اینڈ ساچی‘ ہیں جبکہ ’پروکزیمیٹی ایڈورٹائزنگ‘ شو کے ڈیجیٹل مواد کی زمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔ ’کیٹیلسٹ پبلک ریلیشنز‘ شو کے تعلقات عامہ (پی آر) اور ’امیج کنسلٹینسی‘ سیلیبریٹی مینجمنٹ کے فرائض ادا کررہی ہیں۔ پپپبسی بیٹل آف دی بینڈز ہر اتوار کی شام کو ملک کے تمام بڑے چینلز پرنشر کیا جاتا ہے ۔ شو کی ہر قسط پیپسی پاکستان کی اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.