برما ،مسلمانوں کا قتل عام ، پاکستانی فنکاروں نے خاموشی توڑ دی

لاہور جدت ویب ڈیسک شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے برما میں مسلمانوں کے قتل و عام اور مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی سنجیدہ مسئلے پر عالم اسلام کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،اقوام متحدہ، او آئی سی اور اسلامی اتحادی فوج اپنا کردار ادا کر کے برما میں قتل و غارت بند کروائے۔اداکار شان ، معمر رانا ، سعود ، شفقت چیمہ ، مصطفی قریشی ، جاوید شیخ ، ندیم ، غلام محی الدین ، پرویز کلیم ، احسن خان ، ہمایوں سعید ، سلیم شیخ ، ڈاکٹر ثمر ہمدانی، شوکت علی ، عارف لوہار ، ثنائ ، فرزانہ تھیم ، مائرہ خان ، مہوش حیات ، مدیحہ شاہ ، حمیرا ارشد ، عینی طاہرہ ، حنا دلپزیر ، زارا اکبر ،شیبا بٹ ، صوبیہ خان ، شیبا رانی ، مہک نور اور عائشہ بلوچ سمیت دیگر نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور دنیا بھر میں انسانی حقوق کا واویلا مچانے والی تنظیمیں برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر خاموش کیوں ہیں جبکہ اس سنگین معاملے پر عالم اسلام کی خاموشی بھی لمحہ فکریہ ہے۔پچھلے 75برسوں سے برما کے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور بد قسمتی سے امت مسلمہ خاموشی سے سارے مظالم دیکھ رہی ہے ، امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی ان مظالم پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب بھی انسانیت کی تذلیل کی اجازت نہیں دیتا مگر پچھلے 75سالوں سے ہمارے لاکھوں مسلمان بہن بھائیوں کو برما حکومت کی سرپرستی میں سرعام قتل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز اور سوشل میڈی پر برما میں مسلمانوں کے قتل و عام اور زندہ جلانے کی ویڈیوز دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم روکنے کیلئے برما اور اس کے حمایتی ممالک کے سفیروں کو ملک بدر کرے جبکہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور اسلامی اتحادی فوج اپنا کردار ادا کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.