ایم کیو ایم پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس ملتوی

کراچی جدت ویب ڈیسک سیاسی جماعتوں کی جانب سے شرکت سے انکار کے بعد متحدہ قومی موومنٹ ایم کیو ایم پاکستان نے آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کردی۔بیشتر سیاسی جماعتوں کی جانب سے کانفرنس میں شرکت سے انکار کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کا ایک اجلاس ہوا، جس کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔گذشتہ روز پاک سرزمین پارٹی پی ایس پی اور مہاجر قومی موومنٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہوئے شرکت کا اعلان کیا تھا۔ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی تاہم آہستہ آہستہ تمام سیاسی جماعتوں نے متحدہ پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔جن جماعتوں کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا گیا، ان میں پاکستان پیپلز پارٹی پی پی پی، پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی اے این پی، مسلم لیگ ق اور سنی تحریک شامل ہیں۔پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور پارٹی ترجمان وقار مہدی نے نجی چینل سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی جماعت ایم کیو ایم کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ تر جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کررہیں۔مسلم لیگ ق نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا، ق لیگ کے صوبائی ترجمان جعفر الحسن کا کہنا تھا کہ ہمیں باضابطہ دعوت نہیں دی گئی صرف پریس ریلیز میں نام چلایا گیا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن،جماعت اسلامی، سنی تحریک اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے بھی ایم کیو ایم ہاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے ایم کیو ایم پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس اسی دن ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا، آج اُسی جماعت کی……جانب سے لوگوں کو ملانے کی بات کی جا رہی ہے ، میں سمجھتا ہوں کہ یہ اس سیاسی جماعت کی جانب سے مثبت قدم ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.