لبنان،داعش کے مراکز پر حملوں میں 15 دہشت گرد، 3 لبنانی فوجی ہلاک

بیروت جدت ویب ڈیسک لبنان کے سرحدی علاقے جرود عرسال اور دیگر مقامات پر داعش کے مراکز پر حملوں میں کم سے کم 15 دہشت گرد ہلاک اور 3 لبنانی فوجی بھی مارے گئے۔ پیر کو لبنانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ بھاری توپ خانے سے بھی حملے کیے ہیں۔ بیان کے مطابق داعش کی صفوں میں پھوٹ پڑ گئی اور جنگجو بھاگنے کی کوشش کررہے ہیں۔لبنانی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کے خلاف آپریشن ’فجر الجرود‘ کے دو روز میں کم سے کم 15 داعشی دہشت گرد ہلاک اور تنظیم کے 12 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں۔ ان میں زیرزمین بنکر، خندقیں اور سرنگیں شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے باغیوں کے خلاف آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا ہے جبکہ لبنانی فوج پرحملے کے لے تیار کی گئی بارود سے بھری ایک کار اور ایک موٹرسائیکل کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لبنانی فوج نے دو روز پیشتر راس بعلبک کے ریب جرود عرسال اور اطراف میں 30 کلو میٹر کے علاقے پر داعشی جنگجوؤں کے خلاف آپریشن ’فجرالجرود‘ شروع کیا تھا۔ دو روز کے دوران لبنانی فوج نے تقریباً 80 کلو میٹر کا علاقہ باغیوں سے چھڑا لیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.