ملک وقوم کا سودا نہیں کرنے دینگے ‘ایاز میمن موتی والا

کراچی جدت ویب ڈیسک وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے پاکستان مخالف بیان کے رد عمل میں عام آدمی پروڈکشن اورکراچی تاجر الائنس کی جانب سے گورنر ہاؤس سے کراچی پریس کلب تک ڈھول اور بینڈ باجوں کے ساتھ ایک انوکھااحتجاج کیا گیا ،احتجاج میں سنی تحریک اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پاکستان مخالف بیان پروزیراعظم آزاد کشمیر کی برطرفی اور مقامی اخبار کی بند ش کا مطالبہ کیا گیا۔ شرکائ نے کشمیر بنے گا پاکستان اور گلگت بلتستان کی خود مختاری پر مبنی بینروں کو اٹھا رکھا تھا ،مظاہرین کی جانب سے افواج پاکستان کے حق میں بھی نعرے لگائے گئے ۔ اس موقع پر مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے چیئرمین تاجر الائنس ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ یہ المیہ ہے کہ پاکستان کا نمک کھانے والے ہی پاکستان کے دشمن بنے ہوئے ہیں ۔دشمن ملکوں سے الحاق کی دھمکیاں دینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں وہ جانتے نہیں کہ ان کی سازشوں کو پاکستان کی عوام خاک میں ملادینگے ، انہوں نے کہاکہ کشمیر ہمارا تھا اوررہے گاآزاد کشمیر کے وزیراعظم اس وقت مودی کی زبان بول رہے جس سے عالمی سازشوں کا پتہ لگتاہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آازادکشمیر اور ایک مقامی میڈیا میں شائع ہونے والے پاکستان مخالف بیان پرسپریم کورٹ آف پاکستان اور احتسابی ادارے فوری طور پر کارروائی کریں ۔انہوں نے کہاکہ سیاست اور صحافت کے نام پر ملک قوم کا سوداکرنے نہیں دینگے ۔وطن فروش حکمران اور زرد صحافت اس ملک کے لیے ناسور بن چکے ہیں۔اس موقع پر سنی تحریک کے رہنما شعیب میمن اور عبدالقادر نورانی سمیت متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا ۔جبکہ ایاز میمن موتی والا نے مزید کہاکہ خوشحال پاکستان کا خواب پورا کرنے کے لیے وطن فروشوں سے جان چھڑانا ہوگی ۔کشمیر کسی کے باپ کی جاگیر نہیں اگر حکمران اس کے لیے کچھ نہیں کرسکتے تو اس ملک کی عوام کسی بھی حال میں کشمیریوں کا تنہا نہیں چھوڑ سکتی ۔یہ لوگ ہر دور میں قوم کو لوٹ لوٹ کر کنگال کرتے رہے ہیں ۔حکمرانوں کا یہ مشن ہے کہ اس ملک کو لوٹ کر اس میں بسنے والی قوم کو اپنا محتاج اورغلام بنانے کے لیے مفلس اور لاچار بنادیا جائے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.