پاکستان میں وطن فروشوں کی کوئی کمی نہیں ‘ایاز میمن موتی والا

کراچی جدت ویب ڈیسک کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئر مین ایاز میمن موتی والا نے کہاکہ پوری دنیاپاک فوج سے ڈرتی ہے بھارت کس کھیت کی مولی ہے،افواج پاکستان کی وجہ سے ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں جبکہ حکومت میں سب نکھٹو ہیں سیلاب ہو یا ملک میں کوئی قدرتی آفت فوج ہی سب سے آگے ہے ۔دہشت گردوں کی قمر ٹوٹ چکی ہے آپریشن ردالفساد دہشت گردوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،اس آپریشن میں رینجرز سمیت پاکستان کے تمام تر سیکورٹی ادارے بھرپور تعاون کررہے ہیںلہذادشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم کسی بھی دشمن سے روایتی اور غیر روایتی جنگ کے لیے ہر وقت تیار ہیں ۔ملک کے اندر دہشت گردی کے خاتمے سمیت لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے ہونے والی جارحیت کا بھی منہ توڑ جواب دیا جارہاہے ۔کراچی تاجر الائنس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور اس کی ذیلی تنظیموں کی وجہ سے آج ملک میں استحکام ہے وگرنہ اس ملک میں سیاستدانوں کی صورت میں وطن فروشوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ پاک فوج کی مسلسل کارروائیوں کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے بھارت نے پاکستان پر حاوی ہونے کی کوشش کی ۔گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک میں وزارت خارجہ نے اپنی ذمہ دارویوں کو ٹھیک طرح سے نہیں نبھایا ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں لسانیت اور فرقہ واریت کے شکنجے سے نکلنا ہوگا۔تاجر الائنس کا ایک ایک فرد پاک فوج کا سپاہی بن کر کھڑاہے ۔ہماری فوج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ پاکستان کو اندرونی طور پر مستحکم کرنے میں بھی اپنا کردار اداکیا۔انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے مگر حکمران اس بات کو تسلیم کرنے کو تیار ہی نہیں ہیںاسی ہٹ دھرمی کے باعث دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستان نے بہت زخم اٹھائے ہیں ،کیونکہ جب سول حکومتوں کا مقصد پاکستان کی مظبوطی کے علاوہ مال بنانا اور ملکی خزانے کا صفایا کرنا ہوگا تو پھر اس طرح کے واقعات کا ہونا کوئی بڑی بات نہیں ہوتی ہمیں فخر ہے کہ ان تمام تر خرابیوں کے باوجود ہمارے پاس ہر قسم کی لالچ اور طمع سے پاک ایسی فوج ہے جو اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر ملک وقوم کی خدمت کررہی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.