اٹلی کا تارکین وطن کو عارضی ویزے جاری کرنے کافیصلہ

روم جدت ویب ڈیسک اطالوی حکام نے کہاہے کہ وہ ملک میں موجود تارکین وطن کو عارضی ویزے جاری کرنے پر غور کر رہے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں اٹلی کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ روم حکومت ملک میں موجود تارکین وطن کو عارضی ویزے جاری کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ویزوں کے حصول کے بعد تارکین وطن شینگن معاہدے کے رکن ممالک میں آزادانہ سفر کر پائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کو ویزے دینے کا مقصد ملک میں مہاجرین کے بحران سے نمٹنا ہو گا۔ حالیہ دنوں کے دوران اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کے مابین مہاجرین کے معاملے پر رسہ کشی دیکھی جا رہی ہے۔اطالوی نائب وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اٹلی اور یونین کے دیگر ارکان کے مابین ’رسہ کشی کا مقابلہ‘ جاری ہے۔ ماریو گیرو کا کہنا تھاکہ ہم یورپی یونین میں ہاٹ اسپاٹ بننا قبول نہیں کر سکتے اور نہ ہی ہم مہاجرین کو سمندر سے ریسکیو کرنے پر شرمندہ ہیں۔ اس لیے اٹلی آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کے بارے میں فیصلہ کرنا سبھی ممالک کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ کتنے تارکین وطن کو ایسے عارضی ویزے جاری کیے جا سکتے ہیں تاہم سیاسی پناہ کی درخواستیں وصول کرنے والے اہلکاروں کو پہلے ہی سے یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ان تارکین وطن کو عارضی پرمٹ جاری کر سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.