اسلام آباد کے سستا بازار میں آتشزدگی، کئی دکانیں جل کر خاکستر

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک سیکٹر ایچ نائن میں واقع سستے بازار میں لگی آگ سے کئی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں جب کہ فائربریگیڈ کاعملہ کئی گھنٹوں سے آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے ۔اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے آگ لگائی گئی تھی جس نے تیز ہوا کے باعث وہاں لگے پرانے کپڑوں کے اسٹالز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود آگ پر قابو نہ پاسکے اور آگ بازار کے بیشتر حصے میں پھیل چکی ہے ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ، ہم ہر ممکن کوشش کرہے ہیں کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جاسکے ۔ اس سلسلے میں سرکاری فائر بریگیڈ کے علاوہ نجی کمپنیوں کے واٹر ٹینکر بھی منگوالیے گئے ہیں۔اس موقع پر وہاں موجود ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے میڈیا کو بتایا کہ شکر ہے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ کیسے لگی اس کی انکوائری بعد میں ہوگی تاہم ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ آگ ایک اسٹال میں یو پی ایس کی بیٹری پھٹنے کے باعث لگی دوسری جانب سستا بازار کے تاجروں کا کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کا عملہ اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے پہنچا جس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی۔ اسلام آباد کے میئر شیخ انصر سستا بازار پہنچے تو شہریوں اور تاجروں نے ان سے امدادی ٹیموں اور فائربریگیڈ کے جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچنے کی شکایت کی جس پر میر اسلام آباد نے انہیں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.