ن لیگ اور تحریک انصاف کا کوئی منشور نہیں ہے ، بلاول بھٹو زرداری

فتح جنگ جدت ویب ڈیسک چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور ہم پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام لگ رہا ہے ، یہی الزام پہلے بھی لگایا جاتا تھا مگر اب تو دھمکی بھی آ گئی ہے جس سے لگتا ہے پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہو گیا ہے ۔فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور تحریک انصاف کا کوئی منشور نہیں ہے ، دونوں ہی مفادات کی سیاست کرتے ہیں اسی لئے میں کہتا ہوں کہ نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور وہ دونوں ہی نااہل اور ناکام سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے تبدیلی کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، خیبر پختون خوا میں لوگ ڈینگی سے مر رہے ہیں اور خان صاحب سکھر میں تقریریں کر رہے ہیں، جب بھی کے پی کے کے لوگوں کو خان صاحب کی ضرورت پڑتی ہے تو خان صاحب پہاڑوں پر بھاگ جاتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نااہل اور ان کی حکومت ناکام ہے ، نواز شریف کی ترقی کے دعوے کھوکھلے ہیں کیونکہ ان کے دور حکومت میں قوم قرضوں کے بوجھ تلے دب کر رہ گئی ہے ، غربت اور بے روز گاری بڑھ رہی ہے لیکن عوام مایوس نہ ہوں کیونکہ میں نے پیپلز پارٹی کا جھنڈا اٹھا لیا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو ملک کی خدمت کرتی ہے اور جب ضرورت پڑتی ہے تو اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کرتی ہے ۔چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک ایک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ، ہم پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام لگ رہا ہے ، یہی الزام پہلے بھی لگایا جاتا تھا مگر اب تو دھمکی بھی آگئی ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان بھی ایک طرح کی دھمکی ہے ، لگتا ہے کہ پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ایک خارجہ پالیسی ہوتی ہے ، مگر مسلم لیگ ن کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے ، دنیا کو اپنا بیانیہ بتانا پڑتا ہے مگر ہمارے وزیر خارجہ، پالیسی کے بجائے جی ٹی روڈ پر کہتے ہیں کہ اس کے قائد کو کیوں نکالا گیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل نہیں کیا جا رہا، صرف آپریشنز سے دہشت گردی ختم نہیں ہو سکتی، دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلیے پوری قوم کو ایک کرنا ہو گا، یہ نہیں ہو سکتا کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر سیاست میں آ جائیں اور حکومت کے ساتھ ساز باز کر کے الیکشن بھی جیت جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نہ صرف دہشت گردوں کا مقابلہ کرتی ہے بلکہ امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دیتی ہے ، ہم نے ہی نیٹو کی سپلائی لائن بند کی اور تاریخ میں پہلی بار امریکا نے کسی بھی ملک سے معافی مانگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.