الیکشن کمیشن نے بلال یاسین سے 7 ستمبر تک جواب طلب کرلیا

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پنجاب کے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین سے 7 ستمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ جواب جمع نہ کرائے جانے کی صورت میں نا اہلی کا شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔ منگل کو این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے اور نہ ہی ان کے وکیل پیش ہوئے بلکہ جونیئر وکیل پیش ہوئے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے شدید اظہار برہمی کیا ۔سردار رضا خان نے کہا کہ معاملہ سنجیدہ ہے  بلال یاسین کی نا اہلی کیلئے شوکاز جاری کر سکتے ہیں جس پر بلال یاسین کے جونیئر وکیل نے کہا کہ انہیں نوٹس ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نہیں بلکہ وکیل کے ذریعے پیش ہونے کا ملا تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انہوں نے بلال یاسین کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا ہی نوٹس جاری کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے حکومتی جماعت ہی ایسا کرے گی تو باقی لوگ بھی کریں گے، حکومتی جماعت نے ضابطہ اخلاق کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے بلال یاسین سے 7 ستمبر تک ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جواب طلب کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلال یاسین انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو نا اہلی کیلئے شوکاز نوٹس جاری کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.