بڑے بزنس مین چھوٹے تاجروں کا حق کھاگئے‘ایاز میمن موتی والا

کراچی جدت ویب ڈیسک کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا نے تاجر الائنس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاہے کہ نئے وزیراعظم کراچی کے امن اور تاجروں کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دیں ۔سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل عام کیا ،اس سے ہماری کوئی زاتی عداوت نہیں تھی مگر بڑے اور من پسند بزنس مینوں کو اپنے ساتھ ملا کر انہوں نے چھوٹے تاجروں کے گھروں کے چولہے تک بجھادیئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ چار سالوں میں تاجر برادری نے بہت سختیاں برداشت کی ہیں جس کا تسلسل اب بھی جاری ہیں ،حکومت کی تمام تراقتصادی پالیسیاں کاغذی کارروائیوں سے آگے نہ بڑھ سکی ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کے چار سال قوم پر بھاری رہے ہیں اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ نوازشریف کے جانے سے ملک میں معاشی خوشحالی نمودار ہوگی ،عوام جان لے کہ مہنگائی کا تناسب بڑھانا حکومت کی نااہلیوں کا کارنامہ ہوتاہے تاجر اپنا مال اسی صورت زیادہ داموں میں فروخت کرتاہے جب اسے مال خریدنے میں مہنگے اور نت نئے ٹیکسوں کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کچھ بزنس مینوں نے حکومت کے ساتھ ملکر چھوٹے تاجروں کا معاشی قتل عام کیاہے اور ایسا ہر دور میں ہوتا رہاہے ،اس ملک میں کوئی بھی ادارہ ایسا نہیں ہے جس میں موجود کالیں بھیڑیں عوام کا خون نہ چوس رہی ہو ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے خلاف جتنے بھی مظاہرے کئے وہ ہم نے کوئی شوق میں نہیں کیئے بلکہ اپنے مسائل کے حل اور حکومت کو غلط کاموں سے روکنے کے لیے ہم سڑکوں پرنکلیں ہیں مگر افسوس اس بات کا ہے کہ ہم نے حکمرانوں کو طرح طرح سے مسائل پر توجہ دلانے کی کوشش کی مگر ان جابر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ قوم کا بچہ بچہ موجودہ حکمرانوں کو چور اور ڈاکو سمجھنے لگا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.