Awami Markaz

اسلام آباد ،عوامی مرکز میں آتشزدگی ،2 افراد جاں بحق ،ایک زخمی

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں ایوان صدر اور پارلیمنٹ کے قریب واقع عوامی مرکز سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کی عمارت میں مبینہ شارٹ سرکٹ سے آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا ، آتشزدگی سے سی اہم سرکاری اداروں کا ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا، عمارت میں آگ بجھانے کے آلات بھی زائد المیعاد نکلے ، ریسکیو ، پاک بحریہ ، پاک فضائیہ اور بحریہ ٹاؤن کا فائر بریگیڈ کا عملہ طویل جدو جہد کے بعد بھی آگ پر قابو نہ پا سکا ،عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، تحقیقات کےلئے 2 کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کوعوامی مرکز کی عمارت سے منسلک وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر میں صبح ساڑھے 7بجے کے قریب شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عوامی مرکز کی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ،آگ سے بچنے کے لئے عمارت کی چوتھی منزل پر موجود 2 افراد علی رضا اور اعجاز نے چھلانگ لگا دی جنہیں زخمی حالت میں پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم علی رضا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پا کر فائر برگیڈ کی 10گاڑیاں آگ بھجانے کے لئے موقع پر پہنچی اور 2گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے ۔ بعدازاں تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جس پر فائربرگیڈ کا عملہ قابو پانے میں ناکام رہا ، فائر برگیڈ کے عملے کی مدد کے لئے پاک بحریہ ، پاک فضائیہ اور بحریہ ٹاؤن کے فائر برگیڈ عملے کو طلب کر لیا گیا تاہم آگ پر قابو نہ پایا جا سکا ۔ اسی دوران آگ میں پھنسے وقار علی کو ریسکیو عملے نے نکال کر ہسپتال منتقل کیا جو جانبر نہ ہوسکا اور جان کی بازی ہار گیا ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گراؤنڈ فلور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی جو پھیلتی ہوئی چوتھی منزل تک جاپہنچی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں وفاقی محتسب، صنعت و پیداوار ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سینٹرل آف ایکسی لینسی کے دفتر کا ریکارڈ جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ پارکنگ ایریا میں کھڑی 2گاڑیاں بھی نذر آتش ہو گئیں ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں ایمرجنسی راستہ موجود تھا تاہم نوجوانوں نے گھبراہٹ میں چھلانگ لگائی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.