انیل کپور اور ایشوریا کی نئی فلم’’فینی‘‘ انوکھے موضوع پر مبنی ہے

ممبئی جدت ویب ڈیسک بولی وڈ کی نامور اداکارہ ایشوریا رائے بچن کی اگلی فلم’ ’فینی‘‘ جسمانی خدوخال کا مذاق اڑانے کے موضوع پر مبنی ہے۔اس فلم میں ایشوریا کے علاوہ انیل کپور بھی کام کرتے نظر آئیں گے، وہ ایک ایسی 16 سالہ نوجوان لڑکی کے والد بنیں گے جو مقبولیت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پروڈیوسر راکیش اوم پراکاش مہرا کا کہنا تھا کہ یہ فلم ایک نوجوان لڑکی کی کہانی پر مشتمل ہے جسے اس کی جسمانی ہیئت پر مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ باڈی شیمنگ دنیا بھر میں بڑھتا جارہا ہے اور ایشوریا رائے بچن کو بھی اپنی پیدائش کے بعد وزن بڑھنے پر بہت بار تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔اس فلم میں ایک نئی اداکارہ انیل کپور کی بیٹی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، تاہم فلم کی مزید تفصیلات ریلیز نہیں کی گئیں۔بولی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق انیل کپور کا اپنے کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ انہیں اسے سمجھنے میں کافی وقت لگا کیوں کہ انہوں نے اب تک ایسا کوئی کردار ادا نہیں کیا ہے۔ایشوریا رائے کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انیل کپور کا کہنا تھاکہ مجھے ان کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی بےحد خوشی ہے، وہ ایک پروفیشنل آرٹسٹ ہیں، میں نے ایشوریا کے ساتھ دو فلموں ‘تال’ اور ‘ہمارا دل آپ کے پاس ہے’ میں کام کیا، دونوں نے ہی اچھا بزنس کیا ہے، اور امید ہے اس فلم کے ساتھ ہم ایک اور کامیابی حاصل کریں گے۔اس فلم کی ہدایات ایک نئے ڈائریکٹر اتل منجریکر دے رہے ہیں، جس کی شوٹنگ کا آغاز جلد متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.