انجلینا جولی اور بریڈ پٹ پھر سے قریب آ گئے

لندن جدت ویب ڈیسک ہالی ووڈ اسٹار انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان صلح ہوگئی اور وہ دونوں ایک بار پھر ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان غلط فہمیاں ختم ہوگئی ہیں اور اب وہ دونوں اپنے رشتے کو ایک اور موقع دینا چاہتے ہیں۔ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے بائیوگرافر ای ین ہالپیرن نے بتایا کہ دونوں اداکاروں نے گزشتہ برس ستمبر میں علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا اور انجلینا جولی نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی تاہم یہ عمل مکمل ہونے سے قبل گزشتہ دنوں دونوں آمنے سامنے آئے اور ایک دوسرے سے مل کر گلے شکوے دور کر لیے۔رپورٹس کے مطابق بریڈ پٹ نے دوبارہ رشتہ جوڑنے میں پہل کی جس کے بعد انجلینا جولی نے بھی ناراضی ختم کر دی، ملاقات کے دوران دونوں ایک دوسرے کو گلے لگا کر کافی دیر تک روتے رہے اور اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نئے سرے سے اپنی زندگی شروع کریں گے۔بائیوگرافر کا کہنا ہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ دونوں ہی تعلقات بحال کرنا چاہتے تھے اور اپنے رشتے کو درست سمت میں لانے کے لیے دونوں اداکار روحانی کاؤنسلنگ سے بھی گزر رہے تھے۔علاوہ ازیں انجلینا جولی نے اپنے تازہ انٹرویو میں بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد ان کی زندگی بے زار ہو گئی تھی۔ انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ علیحدگی کے بعد تنہا زندگی گزارنا بہت مشکل ہے، مجھے تنہائی میں بالکل اچھا نہیں لگ رہا، میں ایسا کبھی بھی نہیں چاہتی تھی اور یہ میری زندگی کا بہت مشکل دور ہے۔انجلینا جولی نے کہا کہ میں دنیا کے سامنے یہ ظاہر نہیں کرسکتی کہ مجھے کسی مشکل کا سامنا نہیں، حقیقت یہی ہے کہ میں اس مشکل دور سے آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہوں اور یہ جانتی ہوں کہ ہر انسان کی زندگی میں کبھی نہ کبھی ایسا وقت آتا ہے۔ اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ جلد اس مشکل دور کا خاتمہ ہوجائے گا کیوں کہ ایک ایک لمحہ ان پر گراں ہے۔یاد رہے کہ بریڈ پٹ اور انجلینا جولی 2005 میں فلم ’’مسٹر اینڈ مسز اسمتھ‘‘ کے بعد سے ایک ساتھ رہ رہے تھے اور دونوں 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے لیکن پھر اچانک اس جوڑی کو کسی کی نظر لگ گئی اور شادی کے صرف دو سال بعد ہی دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.