برمی مسلمانوں کے حالت زار پر امت مسلمہ کی خاموشی بڑا جرم ہے‘اعجاز الحق

حافظ آباد جدت ویب ڈیسک پاکستان مسلم لیگ ضیا کے سربراہ سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ برما میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے یہ سلوک کسی جانور کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا۔ اُمت مسلمہ کی خاموشی بہت بڑا جرم ہے۔ ترکی اور ایران کی طرح پاکستان کو بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے مسلمہ اُمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے برما کے مسلمانوں کو درندگی سے نجات دلانی چاہیے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعجاز الحق نے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ برما کے مسلمانوں کے لئے فنڈ قائم کیا جائے کہ تمام اُمہ امت مسلمہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ اس فنڈ سے ان کی سیٹلمنٹ ہو سکے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ تمام مسلم ممالک کا اجلاس بلائیں اور اوآئی سی کے مردہ گھوڑے کو دفنا دیا جائے جو مسلمانوں کے لئے کچھ کرنے کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کا رویہ بہت افسوس ناک ہے پناہ لینے والے برمی مسلمانوں کو موت کے منہ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ، مسلم ممالک بالخصوص برما ، فلسطین اور کشمیر میں جو ریاستی دہشت گردی ہو رہے ہے اس پر خاموش ہے۔ جہاں غیر مسلموں کو ایک سوئی بھی لگ جاتی ہے وہاں اقوام متحدہ ان کی آزادی کے لئے جدوجہد شروع کر دیتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.