Daily archive

July 21, 2021

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئی سی سی کی ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے

/

دبئی: انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بہترین کارکردگی رنگ لے آئی، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئی سی سی کی ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر آئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے، انگلش ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی کی عوض محمد رضوان مختصر فارمیٹ میں پہلی بار ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل ہوگئے۔

محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چار درجے ترقی پاتے ہوئے ساتویں پوزیشن پر براجمان ہوئے، انہیں یہ صلہ انگلینڈ کے خلاف سیریزمیں176 رنز بنانے کے باعث ملا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم دوسرے نمبر پر براجمان ہیں، پہلی پوزیشن پر انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان جبکہ تیسری پوزیشن پر آسٹریلیا کے ارون فنچ، چوتھی پر بھی آسٹریلیا کے ڈیون کانوے براجمان ہیں، اس کے علاوہ کوئی تیسراپاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا۔

بولنگ میں کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں، البتہ شاہین آفریدی، شاداب اورحسنین کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے، بولنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹرینٹ بولٹ پہلے ، افغانستان نے مجیب الرحمان دوسرے ، انگلینڈ کے کرس ووکس تیسرے جبکہ بنگلہ دیش کے مہدی حسن مرزا چوتھے نمبر پر ہیں

 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید پاک افغان سرحد پر تعینات فوجیوں کے ساتھ منائی

/

ویب ڈیسک ::آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید پاک افغان سرحد پر تعینات فوجیوں کے ساتھ منائی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کرم ضلع میں پاک افغان سرحد پر فوجیوں کے ساتھ عید منائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فوجی جوانوں سے بات چیت کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی اور جوانوں کے بلند حوصلے اور مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔آرمی چیف نے ابھرتے چیلنجز کے پیش نظرسرحدوں پر سیکیورٹی یقینی بنانےکے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ  ہم ہر قیمت پر تمام خطرات سے پاکستان کا دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں

آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر آہنی باڑ لگانے کا کام تیز کرنے پر فارمیشن کو سراہا اور  فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور  سرحد کی سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔

 

۔

انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز بھی جیت لی

//

ویب ڈیسک ::مانچسٹر: تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

مانچسٹر میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جب انگلینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

ٹاس جیت کر قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن رائے نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جب کہ ڈیوڈ ملان نے 31 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم، شاداب خان اور عثمان قادر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے فخرزمان  24 ، صہیب مقصود 13 اور بابراعظم 11 رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ  عماد وسیم 3 ، شاداب خان 2 اور محمد حفیظ ایک رن بناسکے۔

ایسے وقت میں محمد رضوان نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، حسن علی 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 4 اور معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1 سے برابر ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ دوسرا میچ انگلینڈ نے جیتا تھا، اس سے قبل تین میچز کی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ نے وائٹ واش کیا تھا۔

عید الاضحیٰ پرمزیدار پکوان لیکن بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

/

ویب ڈیسک ::عید الاضحیٰ ایک طرف تو سنت ابراہیمی کی تکمیل  تو دوسری جانب اس روز دوستوں رشتہ داروں سے مل بیٹھنے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔

  تو ایسے موقع پر دستر خوان پر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔ لیکن ایسے میں بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

چونکہ عید کے دنوں میں مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔ اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔

صفائی کا خیال رکھیں

رواں برس عید پر بارشوں کا سیزن ہے، ایسے موسم میں مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہوجاتی ہے جس سے مختلف وبائی امراض پھیلنے لگتے ہیں، لہٰذا نہ صرف گھر کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے بلکہ کھانا بھی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پکایا جائے۔

اپنے گھر سے باہر گلیوں اور محلوں کی صفائی کرنا بھی نہ بھولیں اور قربانی کے بعد فوری طور پر آلائشوں کو ٹھکانے لگا کر صفائی کریں اور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کریں۔

پانی کا استعمال

دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے یا پھر قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سخت مصروفیت کے دوران پانی پینا نہ بھولیں۔ دن بھر کی مصروفیت میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

سلاد ضرور کھائیں

اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

کولڈ ڈرنک سے گریز

کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

پھلوں کا استعمال

دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا دعوت کا مزہ دوبالا کردے گا اور طبیعت پر بوجھ بھی نہیں بنے گا۔

دال اور سبزی بہترین

عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

دہی بہترین شے

عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی اور مرغن کھانوں کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

ورزش کریں

دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

.کراچی سی ویو ہائپر سٹارپر کنٹینرز سے لدا بحری جہاز ساحل پرریت میں پھنس گیا

//

کراچی: کراچی کے ساحل پر ہائپر سٹار کے پیچھے کنٹینروں سے لدا بحری جہاز پھنس گیا ہے، پاک بحریہ سمیت مختلف ٹیموں کی جانب سے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کارگو بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 ساحل سے ایک کلو میٹر سے کم دوری پر پھنسا ہوا ہے۔

ترجمان کے ٹی پی کے مطابق انفرادی طورپرکمپنی نے اشیاء منگوانےکےلیےبکنگ کروائی تھی ،جہاز کو کراچی پورٹ پر کوئی جگہ الاٹ نہیں کی گئی تھی بلکہ جہاز انجن کمزور ہونے کے باعث لہروں کےساتھ ساحل پر آگیا ،جہاز کو ریسکیو کرنے کیلئے کے پی ٹی اور نیوی کے جہاز روانہ ہوچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پھنسا ہوا جہاز پانامہ کا ہے اور اسے کراچی پورٹ کے بعد استنبول جانا تھا

صدر مملکت اور وزیراعظم کے عید قرباں پرخصوصی پیغامات

//

اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو خصوصی پیغامات دئیے اور مبارک بادیں بھی پیش کیں۔

تفصیلات کے مطابق عید قربان کے پُر مسرت موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اﷲ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے، یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اْجاگر کرنے کا جذبہ مہیا کرتا ہے جو اْسے بڑی سے بڑی مشکل صورتحال میں بھی راہ ِراست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔

یہی وہ جذبہ تھا، جس کے تحت پاکستانی قوم نے کرونا وائرس جیسی عالمگیر وبا سے حفاظت بڑی دانشمندی، قومی حکمت عملی اور حوصلہ سے کی ہے، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آچکی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، مختلف اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا اور پوری پاکستانی قوم کا سر اقوام عالم کے سامنے فخر سے بلند ہو گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی عید الاضحیٰ پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس اسلامی تہوار میں ہمارے لئے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس کی وبا میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے اور احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھے ، عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کرے۔

آئیے جانتے ہیں مزے دار ملائی کباب بنانے کی ترکیب

/

ویب ڈیسک ::جانور کی قربانی کے بعد ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اُسے چٹ پٹے اور مزیدار  اور لذیز پکوان کھانے کو ملیں مگر بعض اوقات کوشش کے باوجود بھی ناکامی کا سامنا رہتا ہے۔

 آج آپ کو بتاتے ہیں کہ  مزے دار ملائی کباب اور  ملائی بوٹی بنانے کا طریقہ

اجزا

قیمہ / بوٹی: 1 کلو

ادرک لہسن پسا ہوا: 1 کھانے کا چمچ

نمک: حسب ذائقہ

لال مرچ پسی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ پسا ہوا: ڈیڑھ کھانے کا چمچ

کچا پپیتا پسا ہوا: 2 کھانے کے چمچ (گوشت گلانے کے لیے )

ہرا دھنیہ باریک کٹا ہوا: آدھی گڈی

پودینہ باریک کٹا ہوا: آدھی گڈی

ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی: 6 سے 8 عدد

ڈبل روٹی سلائس: 4 عدد

دودھ ایک پیالہ

انڈے: 2 عدد

فریش کریم: آدھی پیالی

کوکنگ آئل: تلنے کے لیے

ترکیب

ڈبل روٹی کو ایک پیالی دودھ میں 10 سے 12 منٹ تک بھگو لیں، پھر دودھ سے نکال کر اسے اچھی طرح سے دبائیں تاکہ سارا جذب ہونے والا دودھ نکل جائے۔ پھر قیمے یا بوٹیوں میں ادرک لہسن، نمک، لال مرچ، گرم مصالحہ، پپیتا، ہردھنیا، پودینہ اور ڈبل روٹی کو اچھی طرح سے گوند کر ملائیں۔

قیمے میں فریش کریم ملا کر لمبے لمبے کباب بنا لیں اور لکڑی کی سیخوں پر لگا کر کچھ دیر کے لیے انہیں فریج میں رکھ دیں تاکہ یہ ٹوٹنے سے بچ جائیں۔

اب گہرے برتن یا کڑاہی میں تیل ڈال کر اسے چولہے پر تین سے پانچ منٹ تک  گرم کریں اور پھینٹے انڈوں میں ڈبو کر انہیں تلنے کے لیے رکھ دیں۔

اگر آپ ملائی بوٹی بنانا چاہتے ہیں تو بوٹیوں میں تمام اجزا شامل کرنے کے بعد انہیں تھوڑی دیر کے لیے ٹھنڈی جگہ پر رکھیں اور پھر انہیں سیخوں میں پرو کر سینک لیں

 

Malai Kabab Recipe (Creamy Kebab) Recipe By Saadat Siddiqui | Chicken Recipes in English

 

 

.پولیس حکام کا بڑی عید سے قبل کالی بھیڑوں کی قربانی کا فیصلہ

//

کراچی : اعلیٰ پولیس حکام نے بڑی عید سے قبل پولیس میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف بڑی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس میں کالی بھیڑوں کے خلاف عید سے پہلے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی تحقیقات میں کرپٹ پولیس اہلکاروں کی نشاندہی کے بعد کیا گیا ہے۔

ایس آئی یو پولیس کی سونا چوری میں ملوث ٹیم، سی ٹی ڈی میں کپڑے کے ٹرک کی چوری کے کیس اور پولیس موبائل میں منشیات فروشی کے واقع کے بعد پولیس کا حکم نامہ بھی جاری ہوگیا۔

ڈی آئی جی نے بری شہرت والے افسران کو کراچی سے باہر تبادلے کیلئے آئی جی کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے 103بری شہرت والے پولیس افسران کی نشاندہی کی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مختلف پوسٹنگ آرڈرز کے ذریعے 103 پولیس افسران میں سے 90 افسران کو کراچی رینج میں تعینات کیا گیا لیکن 90 میں سے صرف 72 پولیس افسران نے کراچی رینج میں رپورٹ کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران کے خلاف بدانتظامی کی بہت سی شکایات ہیں لہذا ان افسران کو کراچی رینج سے باہر تعینات کیا جائے کیوں کہ کسی بھی یونٹ میں ان افسران کی موجودگی سے غیرقانونی کام ہوسکتے ہیں۔