Daily archive

June 08, 2021

زندگی کے بیتے دنوں میں مایا علی کے عشق میں پاگل تھا: احد رضا میر

/

کراچی:) اداکار احد رضا میر کا کہنا ہے کہ زندگی کے بیتے دنوں میں وہ مایا علی کے عشق میں پاگل تھے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اداکار کے انکشاف نے سب کو حیران کردیا ہے

یہ انٹرویو احد رضا میر نے سجل علی سے شادی سے پہلے دیا تھا جس میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کو کونسی اداکارہ پسند ہیں، احد رضا میر نے پہلے نام لینے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا تاہم بعد میں کہا کہ میں مایا علی کے عشق میں پاگل تھا تاہم جب ان سے ملاقات ہوئی تو مایا سے مل کر بے حد متاثر ہوا۔واضح رہے کہ احد رضا میراور مایا علی ایک اشتہار میں ایک ساتھ نظر آئے تھے جبکہ سجل علی کے ساتھ 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے

Ahad Raza Mir confessed to having a major crush on Maya Ali - The Current

دنیا بھر میں آج دماغ کی رسولی یا برین ٹیومر، بچاؤ سے متعلق آگاہی کا دن منایا جارہا ہے

/

ویب ڈیسک ::دنیا بھر میں آج دماغ کی رسولی یا برین ٹیومر اور اس سے بچاؤ سے متعلق آگاہی کے لیے برین ٹیومر کا دن منایا جارہا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر 1 لاکھ میں 2 سے 3 افراد برین ٹیومر کا شکار بن سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق برین ٹیومر کا شکار خواتین کی تعداد مردوں سے کہیں زیادہ ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ دماغی رسولی کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے اور سنہ 2035 تک اس مرض کا شکار افراد کی تعداد ڈھائی کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ماہرین کے مطابق اب تک دماغی رسولی بننے کی واضح وجوہات طے نہیں کی جاسکی ہیں تاہم بہت سے بیرونی و جینیاتی عوامل اس مرض کو جنم دے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دماغ میں رسولی بننے کی سب سے اہم وجہ بچپن میں تابکار شعاعوں میں وقت گزارنا ہے جو آگے چل کر برین ٹیومر کو جنم دے سکتا ہے۔اس ضمن میں موبائل فون ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جن کا مستقل اور حد سے زیادہ استعمال اور ان سے نکلنے والی شعاعیں دماغ پر تباہ کن اثرات مرتب کرتی ہے۔بدقسمتی سے اس کی تشخیص اس وقت ہوتی ہے جب یہ ناقابل علاج بن چکا ہوتا ہے، البتہ اس سے جڑی چند علامتوں کو نظر انداز نہ کیا جائے اور فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے تو ابتدائی مرحلے میں ہی اس کا علاج ہوسکتا ہے۔

برین ٹیومر کی ابتدائی علامات

سر درد

سر درد کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں لیکن اگر چند اور علامات کے ساتھ مسلسل سر درد رہے تو یہ برین ٹیومر کی نشانی ہو سکتی ہے چنانچہ فوری طور پر ٹیسٹ کروا کے تسلی کر لینی چاہیئے۔

بے ہوشی کے دورے

اگر اچانک اور بغیر کسی وجہ کے غشی کے دورے پڑتے ہوں یا بے ہوشی جیسی حالت ہو جاتی ہو تو یہ بھی برین ٹیومر کی نشانی ہوسکتی ہے، ایسے میں فوری طور پر کسی اچھے نیورولوجسٹ سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔

چکھنے اور سونگھنے کی حس میں کمی

اچانک سے چکھنے، سونگھنے اور بھوک لگنے کی حس کا ختم ہوجانا بھی برین ٹیومر کی نشانی ہو سکتی ہے۔

قوت سماعت و بصارت میں کمی

بغیر کسی ٹھوس وجہ کے اگر سننے یا دیکھنے میں دقت محسوس ہو یا کلی طور پر سماعت و بصارت چلی جائے تو اس کی ایک وجہ برین ٹیومر بھی ہو سکتی ہے۔

ایسی صورت میں برین ٹیومر دماغ کے اس حصے کو نقصان پہنچاتا ہے جو سماعت اور بصارت کو کنٹرول کرتے ہیں اور ٹیومر کے باعث اپنا کردار ادا کرنے سے محروم ہوجاتے ہیں۔

چہل قدمی یا توازن برقرار رکھنے میں دقت

اگر مریض چلنے میں دقت محسوس کرے یا کھڑے کھڑے توازن برقرار نہ رکھ سکے تو یہ بھی دماغی رسولی کی نشانی ہے۔

بولنے میں تکلیف کا سامنا

برین ٹیومر کے اثرات دماغ کے ان حصوں پر ہوجائیں جو قوت گویائی کے لیے مخصوص ہوں تو ایسے میں مریض کی قوت گویائی ختم ہو جاتی ہے، وہ الفاظ کی ادائیگی میں مشکل محسوس کرتا ہے اور زبان لڑکھڑانے لگتی ہے۔

فالج کے اثرات

چہرے کے ایک حصے کا بے حس ہوجانا یا ایک ہاتھ اور ایک پاؤں کا حرکت نہ کرنا فالج کی علامات ہیں اور فالج کی وجہ برین ٹیومر کا ہونا بھی ہو سکتا ہے، اس لیے فالج کو بھی برین ٹیومر کی ایک علامت قرار دیا جاتا ہے۔

ڈپریشن

چوںکہ خوشی اور غم کے جذبات کا کنٹرول بھی دماغ کے مخصوص حصوں میں ہوتا ہے اس لیے برین ٹیومر مریض میں ڈپریشن کی علامات پیدا کرنے کا سبب بھی ہوسکتا ہے۔ ان علامتوں کے نمودار ہوتے ہی فوری طور پر اپنے معالج سے مشورہ کریں اور ضروری ٹیسٹ کروائیں تاکہ بروقت مرض کی تشخیص کی جا سکے,اوپر دی گئی علامات کسی اور مرض کا شاخسانہ بھی ہو سکتی ہیں

امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں منگل کو اچانک ویب سائٹس بند ہوگئیں جانیئے

//

ویب ڈیسک ::دنیا کی لاکھوں ویب سائٹس کو فنی معاونت فراہم کرنے والے امریکا کے ادارے میں مبینہ خرابی کے باعث امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں کئی ویب سائٹس بند ہوگئیں۔

خبر رساں ادارے’رائٹرز‘ کے مطابق امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں منگل کو اچانک ویب سائٹس بند ہوگئیں، جس سے کئی لوگ اہم معلومات حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ دنیا بھر میں سوشل اور نیوز ویب سائٹس سمیت ای کامرس اور حکومتی ویب سائٹس کیوں بند ہوئیں، تاہم اطلاعات ہیں کہ ویب سائٹس کو فنی معاونت فراہم کرنے والے امریکی ادارے کے سسٹم میں خرابی آگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممکنہ طور پر امریکی ادارے ’فاسٹلے‘ کے سسٹم میں خرابی کے باعث ویب سائٹس بند ہوئیں، مذکورہ ادارہ دنیا کی لاکھوں ویب سائٹس کو ’ہوسٹنگ‘ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ذرائع سے بتایا گیا کہ امریکی ادارے ’فاسٹلے‘ نے ویب سائٹس بند ہونے کے بعد کہا ہے کہ اگرچہ انہیں کہیں سے کوئی فنی خرابی کی شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم وہ معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی کمپنی میں فنی خرابی کے باعث بعض بڑے نشریاتی اداروں سی این این، بی بی سی، نیویارک ٹائمز، این بی سی اور امریکا سمیت برطانوی حکومت کی ویب سائٹس بھی بند ہوگئیں۔فنی خرابی کے باعث ایمیزون جیسی بڑی آن لائن ای کامرس ویب سائٹ بھی بند ہوگئی جب کہ کئی ممالک میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کی سروس بھی ڈاؤن رہی۔برطانوی نشریاتی ادارے ’اسکائے نیوز‘ کے مطابق ام،ریکی ادارے ’فاسٹلے‘ کے ہوسٹنگ کے سسٹم میں ممکنہ خرابی کے باعث دنیا بھر میں ویب سائٹس بند ہوئیں۔

اسکائے نیوز نے بتایا کہ ’فاسٹلے‘ نے تصدیق کی کہ ان کے سسٹم میں خرابی آئی ہے اور فالٹ کو تلاش کرکے اس کی بحالی پر کام شروع کردیا گیا۔ویب سائٹس بند ہونے کے بعد برطانوی حکومت نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے اپنی ویب سائٹس میں خرابی کی تصدیق کی اور لوگوں سے معذرت بھی کی۔برطانوی حکومت کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ متعدد سرکاری و غیر سرکاری ویب سائٹس بعض فنی خرابیوں کی وجہ سے بند ہیں اور صارفین ان تک رسائی سے محروم ہوں گے۔ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ ویب سائٹس بند ہیں، تاہم فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ویب سائٹس کیوں بند ہیں اور مذکورہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

 

 

دانش مندانہ پالیسیوں کے ذریعہ پاکستان اپنی معیشت کی بحالی میں کامیاب رہا, بزنس میگزین فوربز

//

اسلام آباد : بزنس میگزین فوربز نے کورونا عالمگیر وباء سے نمٹنے اور پاکستانی معیشت کے استحکام اور بڑھوتری کیلئے حکومت کے اقدامات کو سراہا، کہا دانش مندانہ پالیسیوں کے ذریعہ پاکستان اپنی معیشت کی بحالی میں کامیاب رہا ہے۔میگزین کے مطابق پاکستان کی معیشت استحکام سے نمو کی طرف جا رہا ہے۔ پاکستان کی نمو کرنے کی صلاحیت اور اچھی سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے۔پاکستان کے سرمایہ کار اورتاجر عوامی بجٹ اورزیادہ بڑھوتری کی تجاویز کے حوالہ سے پرامید اور پُرجوش ہیں

امریکا کے معروف بزنس میگزین نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کورونا کی صورتحال میں پاکستان اپنی معیشت کی بحالی میں کامیاب رہا ہے، توقع ہے کہ 2021 میں ابتدائی تخمینوں سے تجاوز کر کے، تقریبا 4 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔ زرعی شعبے کی نمو کا اندازہ شرح 2.77 فیصد جبکہ صنعتی شعبے کی 3.57 فیصد ہے۔ ملک کی فی کس آمدنی بھی بڑھے گی۔فوربز کے مطابق پاکستانی شہریوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک پہننے، حکومت نے اس بار جزوی طور پر لاک ڈاون لگانے ، غیر ضروری کاروبار کو بند کرنے اور گھریلو سیاحت پر پابندی عائد کرنے جیسے اقدامات کیے، جس سے ملک کو کورونا کیسز میں اضافے سے بچنے میں مدد ملی۔ پاکستان میں فی ملین مثبت کیسوں کی شرح 12 افراد ہے جبکہ دنیابھرمیں یہ شرح 62 کیسزفی فی ملین ہے۔ تاہم ، پابندیوں سے مزدور طبقے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نسل پرست ٹویٹس، اولی رابنسن انٹر نیشنل کرکٹ کیلئے معطل

/

لندن :: پہلے ٹیسٹ کے بعد ہی انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر اولی رابنسن کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے انٹر نیشنل کرکٹ کے لیے معطل کر دیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا فاسٹ باؤلر کو 2012اور 2013 میں نسل پرست اور غیر مناسب ٹویٹس کی تحقیقات کے لیے انٹر نیشنل کرکٹ سے معطل کیا گیا ہے۔

رابنسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں ڈیبیو کے بعد اپنے پرانے ٹویٹس کے حوالے سے معذرت بھی کی تھی۔

رابنسن نے ڈیبیو میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 7 وکٹیں حاصل کی ہیں، انگلش فاسٹ باؤلر نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

دفاعی چیمپین کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست

/

لاہور ::ویب ڈیسک :: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس میں دفاعی چیمپین کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، پشاور زلمی دوسرے، اسلام آباد یونئایٹڈ تیسرے، لاہور قلندرز چوتھے نمبر پر موجود ہے، ملتان کی پانچویں پوزیشن جبکہ کوئٹہ آخری نمبر پر براجمان ہے۔

کورونا وائرس کے باعث ملتوی پی ایس ایل سکس کا میلہ نو جون سے دوبارہ شروع ہو گا، لیکن اس بار پاکستان کے بجائے ابوظہبی کے میدان میں چھکوں اور چوکوں کی برسات ہو گی۔پی ایس ایل سکس میں کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ کراچی نے پانچ میچ کھیلے۔ تین جیتے دو میں شکست کے ساتھ چھ پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔

پشاور زلمی کے بھی چھ پوائنٹس ہیں لیکن پانچ میچ کھیل کر تین ہی میچ جیت کر دو میں ناکامی کا سامنا کرنا ہڑا۔ رن ریٹ کم ہونے کے باعث ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر ہے۔نیٹ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں چار میچ کھیل کر تین میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کم رن ریٹ کی بنیاد پر چھ پوائنٹ ہونے کے باوجود تیسرے نمبر پر ہے۔لاہور قلندرز کو چار میچوں میں سے تین میں کامیابی، ایک میں ناکامی ہوئی، قلندرز نےرن ریٹ کم ہونے پر چوتھی پوزیشن اور چھ پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔پی ایس ایل سکس میں ملتان سلطان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں، ملتان اور کوئٹہ نے لیگ میں پانچ پانچ میچ کھیلے ہیں دونوں ٹیموں کو ایک ایک میچ میں کامیابی جبکہ چار چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، دونوں ٹیموں کے دو دو پوائنٹس ہیں۔

ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر دس کا کلمپ روانگی سے قبل ہی خراب ہونے کا انکشاف

گھوٹکی :ویب ڈیسک :: جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے!، ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر دس کا ایک اور متاثرہ مسافر سامنے آگیا۔ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر دس کا کلمپ روانگی سے قبل ہی خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

 مسافر نے انکشاف کیا ہے کہ ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر دس کا کلمپ ٹوٹا ہوا تھا۔زخمی مسافر نے دعویٰ کیا کہ، ٹرین ڈرائیور نے عملے کو کہا بوگی ٹھیک کرو لیکن عملہ نہ مانا۔ مزید کہا کہ روہڑی کراس کرنے کے بعد جھٹکا بھی محسوس ہوا، حادثے کے وقت بوگی نمبر دس رگڑھتے ہوئے دوسرے ٹریک پر آئی تو سامنے سے آنے والی ٹرین ٹکرا گئی۔ادھر ریلوے حکام نے کراچی، سکھر ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ہیلپ ڈیسک قائم کردیئے ہیں، ٹیلی فون نمبرز بھی جاری کردئیے۔

المناک ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا تعداد باسٹھ تک جا پہنچی

//

سکھر :ویب ڈیسک : ٹرین حادثوں سے کب جان چھوٹے گی ؟ یہ سوال ہر محب وطن کرتا ہے حکومتی ایوانوں میں بیٹھے سیاست دانوں سے۔گھوٹکی کے نزدیک ہونے والے المناک ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا، مزید چار لاشیں ملنے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پرریسکیو آپریشن جاری ہے اس دوران بوگیوں کو کاٹ کر اس میں سے مزید4 لاشیں نکال لی گئیں، ڈی سی گھوٹکی عثمان عبداللہ نے بتایا ہے کہ ٹرینوں میں تصادم سے اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔ڈی سی گھوٹکی کے مطابق بیشتر زخمی مسافر رحیم یارخان کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں، جن میں سے10زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ٹریک کی بحالی کا کام بھی جاری ہے جبکہ متاثرہ بوگیوں کو جائے وقوعہ سے ہٹادیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر 10 کے مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بوگی کا کلمپ ٹوٹا ہوا تھا ، ٹرین کے ڈرائیور نے عملے سے کہا بھی کہ اسے ٹھیک کیا جائے مگر عملے نے انکار کر دیا جس کے بعد ڈرائیور ٹرین کو ویسے ہی لے آیا۔زخمی مسافر کے مطابق روہڑی کراس کرنے کے بعد ٹرین کو جھٹکا لگتا محسوس ہوا اور حادثے کے وقت بوگی نمبر 10 گھسیٹتے ہوئے دوسرے ٹریک پر آئی تو سامنے سے آنے والی ٹرین سے ٹکرا گئی۔واضح رہے کہ ملت ایکسپریس اور سر سید احمد ایکسپریس کو حادثہ گزشتہ رات گئے 3 بج کر 48 منٹ پیش آیا تھا جس میں ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں جبکہ سرسید ایکسپریس آکر ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی ، حادثے میں 62 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو ئے ہیں، ملت ایکسپریس کی 8 بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں۔