Daily archive

May 13, 2021

پاکستان کے عوام کی سلامتی ،تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، بحیثیت فوجی ہم مادر وطن کا دفاع کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔آرمی چیف

//

 

ویب ڈیسک :: راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کی سلامتی ،تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، بحیثیت فوجی ہم مادر وطن کا دفاع کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور ایل او سی پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی، جب کہ پاکستان کے امن اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔

سربراہ پاک فوج نے فوجی جوانوں کے حوصلے، جذبے اور آپریشنل تیاری کو سراہا، اور کورونا کی روک تھام کے لئے سول انتظامیہ سے فارمیشن کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی سلامتی ،تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، بحیثیت فوجی ہم مادر وطن کا دفاع کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر بہاد کشمیریوں کی عظیم جد و جہد کو نہیں بھولنا چاہئے، اس انسانی المیے کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا وقت آگیا ہے۔

 

 

ہوشیار،خطرناک وائرس نے گوگل کروم کا روپ دھارلیا

/

ویب ڈیسک ،سلیکان و یلی:   سیکیوریٹی ماہرین نے کہا ہے کہ گوگل کروم کے بھیس میں موبائل وائرس آپ کی ڈیوائس کو متاثر اور نجی معلومات چُرا سکتا ہے۔ 

سائبر سیکورٹی پر کام کرنے والی کمپنی Padeo کے ماہرین نے ایک نئے مالویئر (  کمپیوٹر، سرور، موبائل کو نقصان پہنچانے کی غرض سے بنایا گیا سافٹ ویئر) کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے جو کہ اب تک ہزاروں ڈیوائسز کو نقصان پہنچا چکا ہے۔

ماہرین کے مطابق گوگل کے ویب براؤوزر کروم کی شکل میں ایک نئے مالویئر’اسمیشنگ ٹروجن‘  کی مدد سے موبائل میں موجود آپ کی نجی معلومات(پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ انفارمیشن  وغیرہ) چوری ہوجاتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اگر ایک بار یہ جعلی کروم ایپ آپ کے موبائل میں انسٹال ہوگئی تو پھر یہ روزانہ آپ کے فون نمبرز سے سینکڑوں نمبرز پر ایس ایم ایس بھیجنا شروع کر دیتی ہے۔

ماہرین نے بتایاکہ یہ مالویئر گوگل کے آفیشنل کروم ایپ کے نام اور آئیکون کو استعمال کرتا ہے۔  تاہم اس کے پیکج، سِگنیچر اور ورژن میں آفیشل ایپ کی طرح کچھ بھی عام نہیں ہے، ’اسمیشنگ ٹروجن‘  کی شدت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ  زیادہ تر اینٹی وائرس نقصان دہ ایپلی کیشن کو فلیگ کردیتے ہیں تاہم یہ جعلی کروم ایپ نئے سگنیچر کے ساتھ ری پیکجڈ ہوسکتی ہے۔

جعلی کروم ایپ سے کس طرح محفوظ رہا جائے؟

سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مالویئر سے محفوظ رہنے کے لیے ممکنہ حد تک اپنے کریڈٹ اورڈیبٹ کارڈ کی معلومات کسی انجان ویب لنک پر نہ دیں،  کسی بھی ایپلی کیشن کو ہمیشہ گوگل پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے ہی ڈاؤن لوڈ کریں۔

رمضان کے بعد اچانک بہت زیادہ کھانا پینا آپ کے جسمانی نظام کے لیے کافی بوجھل ثابت ہوسکتا ہے

/

کراچی ،ویب ڈیسک ::عید کا موقع ہو تومیز پر خوراک سے لطف اندوز ہونے میں کوئی برائی نہیں مگر رمضان کے بعد اچانک بہت زیادہ کھانا پینا آپ کے جسمانی نظام کے لیے کافی بڑا بوجھل ثابت ہوسکتا ہے اور آپ خود کو نڈھال اور موٹاپے کا شکار بھی بناسکتے ہیں۔

تاہم ان مفید نکات پر عمل کرکے آپ عید پر اس طرح کے احساسات سے بچ سکتے ہیں۔

صبح کے وقت چہل قدمی
جب آپ ورزش کرتے ہیں تو آپ کا جسم خوش رکھنے والا ہارمون ایڈروفین خارج کرتا ہے جو آپ کی کھانے کی اشتہا کو قابو میں رکھتا ہے اور مزاج پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ صبح کی چہل قدمی کے بعد کون ہے جو ذہنی فرحت محسوس نہیں کرتا؟

کھانے سے پہلے پانی پینا
کھانے سے پہلے دو کپ یا پانچ سو ملی لیٹر پانی پینے سے آپ کو کم کیلیوریز لینے میں مدد ملتی ہے، یہ اپنی بڑھتی خوراک میں کمی لانے کا بہترین طریقہ ہے۔۔

خوراک کا انتخاب
صحت مند خوراک کے آپشنز کا دانشمندانہ استعمال کریں، اور کوشش کریں کہ جنک فوڈ یا غیرصحت مندانہ انتخاب سے کچھ دور ہی آپ کی نشست ہو تاکہ ان کو کھانے کا موقع ہی نہ مل سکے۔

زیادہ چبانا
ہر ایک اس بات سے آگاہ نہیں کہ غذا کو ہضم کرنے کا سلسلہ درحقیقت ہمارے معدے سے نہیں بلکہ منہ میں چبانے سے شروع ہوتا ہے۔ ہمارے منہ میں موجود لعاب دہن میں ایسے خامرے موجود ہوتے ہیں جو خوراک کو نگلنے سے پہلے ہی قابل ہضم بنانا شروع کردیتے ہیں۔ نوالے کو مناسب چبانا جسم کو یہ سگنل بھیجتا ہے کہ وہ ہاضمے کے باقی بچ جانے والے پراسیس کے لیے تیار ہوجائے۔

پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال
پھلوں اور سبزیوں میں موجود پانی اور فائبر آپ کی پیاس بجھانے کے ساتھ پیٹ بھرنے کا احساس بھی دلاتے ہیں، پھلوں میں موجود مٹھاس ہمارے جسم میں چینی کے لیے پائی جانے والی طلب کو مطمئن کرتی ہے جس سے آپ اتنا زیادہ میٹھا بھی استعمال نہیں کرتے جو وزن بڑھانے کا سبب بن جائے۔

جلد اختتام
کھانے کا مقصد بس بھوک مٹانا ہے نہ کہ پیٹ بھرنا، تو اگر آپ کا پیٹ آدھا بھی بھرجائے تو کھانے سے ہاتھ کھینچ لینا چاہیے اور میز سے اٹھ کر کسی منٹ سے منہ کا ذائقہ بدلیں اور دانت صاف کرلیں

۔یہ قول یاد رکھیں
جب آپ مزیدار کھانوں سے بھری میز کے سامنے بیٹھے ہوں تو یہ مشہور قول ضرور یاد کرلیں کہ جینے کے لیے کھانا ہے، کھانے کے لیے نہیں جینا ہے، اگرچہ یہ کوئی انقلابی جملہ نہیں مگر یہ کچھ سوچنے پر ضرور مجبور کرتا ہے

گھر میں ہی رہیں اور اپنے گھر کے افراد کے ساتھ عید کا لطف اٹھائیں، یہی وائرس پر قابو پانے کا واحد طریقہ ہے تاکہ دوسرے افراد بھی محفوظ رہیں۔

//

 

کراچی ،ویب ڈیسک ::وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ عید الفطر کے موقع پر اپنے رشتے داروں سے ملنے نہ جائیں چونکہ گذشتہ عید پر کیسز کی تعداد میں30 فیصد اضافہ ہوا جوکہ اس بار خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ میرا سب کو مشورہ ہے کہ لوگ گھر میں ہی رہیں اور اپنے گھر کے افراد کے ساتھ عید کا لطف اٹھائیں، یہی وائرس پر قابو پانے کا واحد طریقہ ہے تاکہ دوسرے افراد بھی محفوظ رہیں۔

اجلاس کے آغاز میں گزشتہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران کوویڈ کیسز کا موازنہ کیا گیا جس میں مثبت کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا، پچھلی عید الفطر 24 مئی 2020 کو منائی گئی تھی اور اْس دن 846 یا 15 فیصد مثبت کیسز ہوئے تھے۔ عید کے فوراً بعد ہی  مثبت کیسز کا تناسب بڑھتا ہی چلا گیا اور18دن کے اندر یہ 3038 کیسز تک پہنچ گیا  جوکہ تناسب کا 30 فیصد تھا، اجلاس میں بتایا گیا کہ کیسز میں غیر معمولی اضافے کی اصل وجہ ایس او پیز کی خلاف ورزی تھی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کے شرکا سے مشاورت کے بعد ریسٹورنٹ کو ٹیک اوے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز کا خیال لازمی رکھا جائے، کوئی بھی کھانا لینے کے لیے اپنی گاڑی سے نیچے نہیں اترے گا بلکہ ریسٹورنٹ کے عملے کے ذریعہ دیا جائے گا اور کسی کو بھی ریسٹورنٹ میں کرسیاں لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے24 رمضان سے لے کر 2020 تک کے آخری رمضان کا ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں 44  ،دوسرے ہفتے میں 50 تیسرے ہفتے میں 79 اور چوتھے ہفتے میں 77 اموات ہوئیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ کراچی کے ضلع شرقی میں 23 فیصد کیسز ، جنوبی میں 15 فیصد ، ضلع وسطی اور حیدرآباد میں 11 فیصد ، دادو 9 فیصد ، سکھر ، لاڑکانہ ، گھوٹکی ، ملیر اور غربی میں 6فیصد کیسز ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ ویکسین لگوائیں، صوبائی حکومت کو سینوفرم کی 62,8000ڈوز، 11,000کیسینو ، 80,000سینوواکس اور 107500 استرا زینیکا موصول ہوئی ہیں، تمام موصولہ ڈوزز ویکسینیشن مراکز کو فراہم کی گئی ہیں۔

 

احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول ﷺبھی۔ عوام عیدالفطر پر کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں، وزیراعظم

//

اسلام آباد ۔ویب ڈیسک ::وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نےہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ رب العزت ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ مبارک میں قبول فرمائے۔

عمران خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالی نے ہمیں صبر و شکر اور اپنے نفس اور ضروریات پر قابو پانے کی جس عملی تربیت سے گزارا ہے اس کا مقصد ہمارے اندر دوسروں کی تکالیف، بھوک، پریشانی کا احساس پیدا کرنا ہے۔ احساس اور دوسروں کا درد ہی انسانی معاشرے کی اصل طاقت اور پہچان ہوتے ہیں اور یہی ریاست مدینہ کا خاصہ تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم پورا سال اس جذبے کو ساتھ لے کر چلیں اور معاشرے کو انسان دوست بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس وقت کورونا وباء کی تیسری لہر سے نبردآزما ہیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر مکمل طریقے سے عمل پیرا ہوں اور ہر ممکن احتیاط برتیں۔ احتیاط ہمارے دین کا حکم بھی ہے اور سنت رسول ﷺبھی۔

عمران خان نے اپیل کی کہ اس سال عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اپنے ارد گرد بسنے والے بے کس و بے سہارا افراد خصوصا کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار خاندانوں کا بھی خیال رکھیں۔ آئیے اس موقع پر ان افراد اور ان خاندانوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو بڑے مقاصد کے لئے بڑی قربانیاں دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری قوم کو عید کی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمارے ملک کو آفات سے محفوظ رکھے۔ آمین