Daily archive

April 18, 2021

عمران خان عاشق رسول ہیں حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے،وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری

//

کراچی: ویب ڈیسک  :: وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین پارٹی رہنما ہیں، ایسا فورم تشکیل دینا چاہیے جہاں جہانگیر ترین اپنا موقف پیش کرسکیں۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھی ارکان قومی اسمبلی ہماری ہی پارٹی کے ہیں، بابر اعوان، علیم خان پر الزامات لگے وہ عدالتوں میں سرخرو ہوئے۔فواد چوہدری نے کہا کہ وزارتوں کی تبدیلی وزیراعظم کا کام ہے، کپتان جہاں کھڑا کرے گا ہم وہیں کھڑے ہوں گے

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت مذاکرات پر یقین رکھتی ہے لیکن بلیک میل نہیں ہوں گے، لاہور میں پولیس اور رینجرز کو اغوا کیا گیا جس پر آپریشن ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست کالعدم ٹی ٹی پی مسلح گروہ کے سامنے بلیک میل نہیں ہوئی، عمران خان عاشق رسول ہیں ہر فورم پر انہوں نے بات کی۔

کورونا سے متعلق انہوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر بہت خوفناک ہے احتیاط کی جائے اور ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے زمبابوے کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان

لاہور: جدت ویب ڈیسک:پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے زمبابوے کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 23،21 اور 25 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

زمبابوبے کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں برینڈن ٹیلر اور کریگ ایرون کی واپسی ہوئی ہے،شین ولیمز زمبابوے ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ڈھاکا میں پولیس کی مظاہرین پر فائرنگ، 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی

ڈھاکا:جدت ویب ڈیسک: بنگلا دیش میں تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مشرقی بنگلادیش میں تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے پر چینی پاور پلانٹ کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس چیف کے مطابق 2000 کے قریب افراد نے احتجاج کے دوران پولیس پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے فائرنگ کی گئی۔

افغان صوبے ننگرہار میں مسلح افراد کی مسجد میں فائرنگ سے 8 افراد ہلاک

ننگرہار: جدت ویب ڈیسک:افغان صوبے ننگرہار میں مسلح افراد نے مسجد میں فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

افغان میڈیا کے مطابق جلال آباد میں مسجد کے اندر نامعلوم مسلح افراد نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچنگ شروع کردی ہے۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں 5 سگے بھائی اور 3 کزن شامل ہیں جب کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

دوسری جانب افغان پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ زمین کی ملکیت سے متعلق تنازع پر پیش آیا تاہم واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

لیونل میسی کی شرٹس50 ہزار فٹبالرز کیلیے مفت ویکسین کا ذریعہ بن گئیں

بیونس آئرس: جدت ویب ڈیسک:معروف اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی شرٹس ساؤتھ امریکا کے 50 ہزار فٹبالرز کیلیے مفت ویکسین کا ذریعہ بن گئیں۔

میسی نے اپنی 3 دستخط شدہ شرٹس کورونا وائرس ویکسین بنانے والی چین کی ایک کمپنی کو عطیہ کیں جس کے بدلے میں وہ کمپنی 50 ہزار فٹبالرز کیلیے ویکسین دے گی، ارجنٹائن کے 26 فرسٹ ڈویڑن کلبز کے پلیئرز کو بھی ویکسین لگائی جائے گی۔

دوسری جانب اس حوالے سے کچھ تنازع بھی کھڑا ہوگیاکیونکہ یہ ڈیل ایک سیاسی پارٹی کے سربراہ کی جانب سے کروائی گئی،ان پر الزام عائد کیا جار ہا ہے کہ انھیں اپنے عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، وہ ایسی ڈیل عوامی مفاد میں بھی کرسکتے تھے۔

ملکہ برطانیہ کے شوہر پرنس فلپ کی آخری رسومات ادا کردی گئیں

برمنگھم: جدت ویب ڈیسک:ملکہ برطانیہ کے شوہر پرنس فلپ کی آخری رسومات ان کی وصیت کے مطابق ادا کردی گئیں۔

آنجہانی پرنس فلپ کی تجہیز و تکفین ونڈسر کیسل کی سینٹ جارج گرجا گھر میں ادا کی گئیں۔ آخری رسومات میں کورونا کی پابندیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ملکہ برطانیہ کو تنہا بٹھایا گیا تھا۔

جب کہ عوام کو گرجا گھر اور شاہی محل کے اطراف جمع ہونے سے منع کردیا گیا تھا۔

کوہاٹ میں جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق، 3 زخمی

////

کوہاٹ:جدت ویب ڈیسک:جائیداد کے تنازع پر سابق وزیراعلیٰ سندھ کے بچے جان کے دشمن بن گئے.

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ درہ آدم خیل کے پہاڑی علاقے بوستی خیل میں پیش آیا جہاں ایک گروپ کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دوسرے گروپ کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے۔

پولیس نے درہ آدم خیل پولیس اسٹیشن میں واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ملک میں کورونا سے 2021 کی سب سے زیادہ اموات ریکارڈ

////

کراچی:جدت ویب ڈیسک:پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب مزید 149 افراد انتقال کر گئے اور 6127 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جو رواں برس رپورٹ ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 71836 ٹیسٹ کیے گئے جو کورونا وبا کے دوران کیے گئے ٹیسٹ کی ریکارڈ تعداد ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 6127 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 149 افراد انتقال کر گئے جو رواں برس کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق مک میں کورونا وائرس مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 5 فیصد رہی۔

ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، فردوس عاشق

////

سیالکوٹ: جدت ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ مہنگائی پر قابوپاکر اشیائے خور و نوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنی ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ انشاء اللہ انتظامیہ اور عوام کے بھرپور تعاون سے مہنگائی پر قابو پاتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر بلاتعطل فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے انتظامیہ کو پرائس کنٹرول میکانزم مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔