Daily archive

April 14, 2021 - Page 3

ملکی اور غیر ملکی فنکاروں کی عالم اسلام کو رمضان المبارک کی مبارکبار

کراچی: جدت ویب ڈیسک:ملکی اور غیر ملکی فنکاروں نے اُمت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکبار دی، پاکستانی فنکاروں ہمایوں سعید، فیصل قریشی، ایمن خان، منال خان، فیروز خان، ماورا حسین، عروہ حسین و دیگر فنکاروں نے تمام لوگوں کو رمضان کی مبارکباد دی۔

ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر لکھا اللہ ہم سب کو اپنی لاتعداد رحمتوں سے نوازے، ہماری دعائیں اور نیک اعمال قبول فرمائے اور ہمارے گناہوں اور کوتاہیوں کو معاف کرے۔ فہد مصطفیٰ نے تمام لوگوں کو پہلی سحری کی مبارکباد دی۔ اداکارہ منال خان نے رمضان کریم کو سال کا سب سے بہترین وقت قرار دیا اور دعا کی کہ خدا ہم سب پر اپنی رحمت برسائے رکھے آمین۔

ترک فنکاروں نے بھی آمد رمضان کے موقع پر تمام امت مسلمہ کو مبارکباد دی۔ ترکش اداکاراینگن التان دزیاتن نے انسٹااسٹوری پر لکھا دنیا بھر میں موجود میرے تمام بھائیوں اور بہنوں کو رمضان مبارک۔ ترک اداکارہ گلثوم علی نے بھی رمضان کی مبارکباد دی۔

اس کے علاوہ ”دیریلش ارطغرل“ میں ابن العربی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار عثمان سر گڈ نے بھی رمضان کی مبارکباد دی۔ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن ہر سال امت مسلمہ اور اپنے مسلم مداحوں کو رمضان مبارک کا پیغام دیتے ہیں۔

گزشتہ روز بھی انہوں نے ٹوئٹر پر تمام مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی۔ امیتابھ بچن کے علاوہ بھارتی اداکار فرحان اختر، دیا مرزا، زرین خان، ثنا خان، عمران ہاشمی، ہماقریشی، حنا خان، سونم کپوراور ہنسیکا موٹوانی نے بھی رمضان کی مبارکباد دی۔

پاور ڈویژن نے ملک بھر میں سحر و افطار اور تراویح میں بلا تعطل بجلی فراہمی کا اعلان کر دیا

///

ویب ڈیسک ::حکومت نے افطار اور تراویح کے اوقات کے دوران ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کا فیصلہ کیا ہے

۔پاور ڈویژن کے مطابق ان اوقات کے دوران تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔اس حوالے سے 8118 پر میسج یا 118 پر کال کے ذریعے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔لوگ اس سلسلے میں اپنی شکایات ان ٹیلی فون نمبرزپربھی درج کراسکتے ہیں ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ سحر و افطار اور تراویح میں ملک میں بلا تعطل بجلی مہیا کی جائے گی، ان اوقات میں تمام فیڈرز پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں، کسی بھی عارضی تعطل کو دور کرنے کے لیے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئیں۔پاور ڈویژن کے مطابق تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے کنٹرول رومز بھی فعال کر دیے گئے ہیں، کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے اسٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سب ڈویژن لیول پر اضافی ٹرانسفارمرز اور دیگر ضروری آلات بھی فراہم کر دیے گئے ہیں

۔051-910388، 051-9204430اور 051-9206834

خراب کارکردگی پر پاکستانی بیٹنگ لائن پر تنقید کی زد میں آگئی

کراچی: جدت ویب ڈیسک:پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر تنقید کی زد میں آگئی،جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں محتاط کھیل نے بابر اعظم کو بھی ہیرو سے زیرو بنا دیا۔

پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ سے شکست کا سامناکرنا پڑا تھا،خاص طور پر بابر اعظم ففٹی بناکر بھی ہیرو سے زیرو بن گئے، ان پر سست بیٹنگ کی وجہ سے شدید تنقید ہورہی ہیں، بابر نے 50 رنز اتنی ہی گیندوں پر بنائے تھے۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہاکہ ہمارے بیٹسمینوں کو سوچنے کی ضرورت ہے کہ کیا بیٹنگ اسٹائل اور اسٹرائیک ریٹ اس فارمیٹ کیلیے کافی ہے، اگر آپ نے یہی 50 بالز کرس گیل، ویرات کوہلی یا پھر ایڈین مارکرم کوکی ہوتیں تو نجانے وہ کیا کرلیتے اور بابر نے کیا کیا ہے؟وہ ایک اچھے پلیئر ہیں لیکن 50 بالز پر اتنے ہی رنز کسی صورت اچھے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر دوسرے اینڈ سے وکٹیں گررہی ہوں تو آپ اپنے خول میں نہیں سمٹ سکتے، جب مارکرم بیٹنگ کررہے تھے تب بھی دوسرے اینڈ سے وکٹیں گررہی تھیں مگر انھوں نے 30 بالز پر 54 رنز بنائے، بابر ایک اسٹار پلیئرہیں اور انھیں آگے بڑھ کر جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہیے۔

دوسری جانب رمیز راجہ نے فکسنگ میں پابندی کے بعد پہلی بار گرین شرٹ پہن کر 12 بالز پر 8رنز بنانے والے شرجیل خان پر تنقید کی، انھوں نے کہا کہ اوپنر کو لمبے عرصے بعد ٹیم میں موقع ملا اور انھوں نے بڑی آسانی سے اسے ضائع کردیا، شرجیل نے کنڈیشنز کو اچھی طرح سمجھے بغیر مضحکہ خیز شاٹ کھیل کر وکٹ گنوا دی۔

کیا اداکارہ ملائیکہ اروڑہ کی سچ مچ منگنی ہوگئی۔۔۔؟

ویب ڈیسک ::کیا ملائیکہ نے ارجن سے منگنی کرلی؟ ملائیکہ نے اپنی اس تصویر کو شیئر کرکے پہلے تو اپنے چاہنے والوں کو چونکادیا

لیکن ان کی پوسٹ پڑھنے کے بعد اس تصویر کی سچائی لوگوں کے سامنے آگئی ۔ غور طلب ہے کہ ملائیکہ اروڑہ آئے دن اپنے بوائے فرینڈ ارجن کپور کو لے کر سرخیوں میں رہتی ہیں ۔ دونوں اپنے ریلیشن شپ کو لے کر اکثر ہی لائم لائٹ میں بنے رہتے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر دونوں ساتھ میں اپنی تصویریں بھی شیئر کرتے رہتے ہیں ۔
بھارت میں گڑی پڑوا کا تہوار دھوم دھام سے منایا جارہا ہے ۔ اس موقع پر بالی ووڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑہ نے منگنی کی انگوٹھی اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرکے سبھی کو چونکا دیا ہے ۔ ان کے شیئر کرتے ہی ان کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔ بھارتی نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لوگ یہ قیاس آرائی کرنے لگے ہیں کہ کیا ملائیکہ نے بالی ووڈ اداکار ارجن کپور سے منگنی تو نہیں کرلی ہے ۔لیکن ملائیکہ اروڑہ کی اس انگوٹھی کی تصویر کے پیچھے کی سچائی کیا ہے ۔اس حوالے سے یہاں یہ واضح کردینا ضروری ہے کہ ملائیکہ کی کوئی منگنی نہیں ہوئی اور نہ ہی ارجن کپور سےاس معاملےپر کوئی بات ہوئی ہے ۔ بلکہ یہ تصویر صرف ایک پروموشنل فوٹو ہے ۔ دراصل ملائیکہ نے ایک برانڈ کی تشہیر کیلئے اپنی یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ کتنی پیاری ہے یہ انگوٹھی ، مجھے یہ بہت پسند ہے ۔۔۔۔ خوشی یہاں سے شروع ہوتی ہے !!!‘‘۔

https://www.instagram.com/p/CNmzZA3BSu_/

مونٹی کارلو ٹینس ٹورنامنٹ، پہلے راؤنڈ میں کرسٹیو، آلی جینڈرو، جان مل، ٹامی پال کامیاب

پیرس جدت ویب ڈیسک:مونٹی کارلو ٹینس ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں اسلان کرسٹیو، آلی جینڈرو فوکینا، جان مل مین اور ٹامی پال اپنے اپنے میچز جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچ گئے۔

فرانس میں جاری ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں روس کے اسلان کرسٹیو کا مقابلہ اٹلی کے لورینزو موساٹی سے ہوا۔کرسٹیو نے حریف کے خلاف بآسانی اسٹریٹ سیٹ میں فتح حاصل کر کے ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

کرسٹیو کی جیت کا اسکور 3-6 اور 4-6 رہا۔ایک اور میچ میں اسپین کے الجینڈرو فوکینا نے آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینوآر کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیا۔فوکینا نے 4-6 اور 6-7 سے کامیابی حاصل کی، اگلے مرحلے میں وہ اٹلی کے بریٹینی سے مقابلہ کریں گے۔

جان مل مین نے اوگو ہمبرٹ کو 3-6 اور 3-6 سے شکست دی جبکہ امریکا کے ٹامی پال نے بھی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، جہاں ان حریف اسپین کے پیڈرو مارٹینز انجری کے باعث کھیل جاری نہ رکھ سکے۔

عمر اکمل کی جرمانے کی اقساط کرنے کی استدعا مسترد کردی گئی

کراچی جدت ویب ڈیسک:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹر عمر اکمل کی جرمانے کی اقساط کرنے کی استدعا مسترد کر دی گئی ہے۔

کرکٹر عمر اکمل نے ثالثی عدالت برائے کھیل کی جانب سے کیے جانے والے جرمانے کی اقساط کے لیے پی سی بی کو درخواست دی تھی، عمر اکمل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ جرمانے کی یکمشت ادائیگی نہیں کر سکتے، جرمانے کی اقساط کی جائیں۔

پی سی بی نے یکمشت جرمانے کی ادائیگی نہ کرنے کے لیے کیس ثابت کرنے کا کہا، عمر اکمل کی جانب سے ٹیکس ریٹرنز اور دوسری دستاویزات پیش کی گئی تھیں، پی سی بی کی جانب سے کیس کا مکمل جائزہ لیا گیاجس میں عمر اکمل جرمانے کی یکمشت ادائیگی نہ کرپانے کے لیے اپنی ہارڈشپ ثابت نہ کر سکے۔

اس طرح پی سی بی نے عمر اکمل کو جرمانے کی ادائیگی کا یکمشت کہہ دیا ہے، جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی عمر اکمل کا ری ہیب شروع ہو گا۔واضح رہے کہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے عمر اکمل پر 42 لاکھ پچاس ہزار جرمانہ عائد کیا تھا جبکہ عمر اکمل کی ایک سالہ سزا بیس فروری کو ختم ہو چکی ہے۔پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو تین سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آزاد ایڈ جیوڈیکٹر نے سزا اٹھارہ ماہ کر دی تھی جس کے بعد عمر اکمل اور پی سی بی ثالثی عدالت برائے کھیل میں چلے گئے تھیجہاں عمر اکمل کو چھ ماہ کا ریلیف ملا اور ایک سال کی سزا برقرار رہی، اس کے ساتھ ثالثی عدالت نے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

متعدد شہروں میں دھرنے ختم، چند مقامات پر جھڑپیں

/

کراچی: جدت ویب ڈیسک:تحریک لیبک پاکستان کی جانب سے جاری احتجاج بیشتر مقامات سے ختم ہوگیا ہے، جب کہ چند ایک مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق تحریک لیبک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد سے اب تک ملک بھر کے بیشتر مقامات پر احتجاج اور دھرنے تیسرے روز میں داخل ہوگئے ہیں، تاہم پولیس حکام کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں سے احتجاج ختم کروا کرٹریفک بحال کرادی گئی ہے۔

راولپنڈی کے مختلف مقامات پر بھی ٹی ایل پی کے مظاہرین کا احتجاج اور دھرنے جاری ہیں، اور کئی مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، لیاقت باغ چوک پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی گئی جب کہ مظاہرین بھی پولیس پر پتھرا کررہے ہیں، مری روڈ پر جھڑپوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اور ایس ایچ او وارث خان یاسر محمود عباسی شدید زخمی ہوگئیجنہیں احتجاج میں شامل افراد نے طبی امداد کے اسپتال منتقل کیا۔راولپنڈی میٹرو بس ٹریک میدان جنگ بن گیا ہے، اور رینجرز اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں جاری ہیں، فورسز کی جانب سے شدید شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال ہورہا ہے، رینجرز نے میٹرو ٹریک پر مظاہرین کو دونوں جانب سے گھیر کر لاٹھی چارج کیا، جس میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے، رینجرز نے میٹرو ٹریک کا قبضہ حاصل کرکے متعدد افراد کو گرفتار لیا، جس کے بعد مری روڈ پر مظاہرین نے متعدد املاک کو آگ لگا دی، لیاقت باغ چوک کا کنٹرول 2 روز سے مظاہرین کے پاس تھا، جسے رینجرز نے خالی کرالیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
سیف سٹیز اتھارٹی لاہور کے مطابق شہر میں کرول گھاٹی سے رنگ رڈ، بتی چوک سے محمود بوٹی رنگ روڈ، شنگھائی پل، کماہاں روڈ، چونگی امر سدھو، موہلنوال، بھٹہ چوک، سکیم موڑ، یتیم خانہ چوک، مانگا منڈی ملتان روڈ، داروغہ والا جانب نیازی شہید روڈ، کچا جیل روڈ اور پلی ون وے، شاد باغ، نیشنل ہائی وے چوہنگ، موہلنوال، مراکہ، موہلنوال بائی پاس سے احتجاج کی وجہ سے بند ہے۔دوسری جانب ، ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ ٹھوکر نیاز بیگ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور ملتان روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت جاری ہے، داتا صاحب، راوی پل، والٹن چوج، محافظ ٹان اور جوڑے پل کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اچھرہ بازار، جی پی او چوک اور نواز شریف انٹر چینج کو بھی کلئیر کر دیا گیا ہے۔ٹیکسلا کے مقام پر پولیس اور دھرنا شرکا میں جھڑپیں اور پتھرا سے 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی بھاری نفری ٹیکسلا انڈر پاس کے اردگرد موجود ہے۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی تحریک لبیک کے کارکنوں کا شہید چوک پر دھرنا جاری ہے، مظاہرین نے شہید چوک پر ہی سحری کا انتظام کیا۔کراچی کے بیشتر علاقوں سے مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک بحال کرادی گئی ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں صرف ایک مقام بلدیہ ٹان میں حب ریور روڈ پر احتجاج جاری تھا، تاہم اب وہاں بھی دھرنا ختم کرادیا گیا ہے، اور حب ریور روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اب شہر میں کسی جگہ بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہے اور شہر کے تمام راستے اس وقت کھلے ہوئے ہیں۔ساہیوال میں بھی ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کو 24 گھنٹے کے بعد مظاہرین کو ہٹا کر ٹریفک کے لیے کھلوا لیا ہے، اس دوران مظاہرین کے پتھراو سے 1 ایس پی، اور دو ڈی ایس پیز سمیت 51 پولیس افسران و اہلکاران زخمی ہوئے، جنہں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تلہ گنگ میں بھی بین الصوبائی شاہراہ پر مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپیں جاری ہیں، اور پولیس اہلکار کے خلاف آنسو گیس کی شیلنگ کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں۔ملتان پولیس کے مطابق شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس اور مطاہرین کے مابین جھڑپیں جاری رہیں اور اس دوران 97 کے قریب پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں 66 کانسٹیبل،12 ہیڈ کانسٹیبل، 6 اے ایس آئی، 6 سب انسپکٹرز،5 انسپکٹرز اور 2 ایس ڈی پی او شامل ہیں، تاہم پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرکے دھرنا ختم کرادیا ہے اور تمام شاہراہیں معمول کے مطابق کھل گئی ہیں۔دوسری جانب ملتان کے پولیس تھانہ ممتاز آباد نے ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی سمیت 48 نامزد اور 250 نامعلوم افرا د کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقدمہ میں انسداد دہشت گردی، ڈکیتی، پولیس پارٹی پر حملہ، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی سمیت 10 سے زائد سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمے کے متن میں ہے کہ بہاولپور بائی پاس چوک پر مظاہرین نے مولانا سعد رضوی کی ایما پر حکومت کیخلاف نعرے بازی، روڈ بلاک اوراملاک کو نقصان پہنچایا، مظاہرین کو جب منتشر کرنے کی جب کوشش کی گئی تو پولیس پارٹی پر حملہ کیا جس میں ڈی ایس پی کینٹ سمیت 14 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئٹی میچ(آج) کھیلاجائیگا

اسلام آباد/سینچورین جدت ویب ڈیسک:پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئٹی میچ(آج)بدھ کو کھیلا جائیگا،

پاکستانی اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 1-1سے برابر ہے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ14 اپریل کو سپراسپورٹس پارک، پریٹوریااور 16 اپریل کو چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، سپراسپورٹس پارک، پریٹوریا میں کھیلاجائیگا۔

مظفر گڑھ سے قیدیوںکی بس کو حادثہ،2 پولیس اہلکار جاں بحق

لیہ:جدت ویب ڈیسک: چوک اعظم میں مظفر گڑھ سے قیدیوں کو لانے والی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے باعث 2 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ چوک اعظم لیہ روڈ بائی پاس پر مظفر گڑھ سے قیدیوں کو لانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے باعث 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور قیدیوں سمیت 28 افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو تحصیل اسپتال چوک اعظم اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ 3 پولیس اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہونے پر ملتان نشتر ریفر کیا گیا ہے، جب کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر تمام قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل لیہ منتقل کر دیا گیا ہے، اور صرف 5 زخمی زیر علاج ہیں۔ڈی پی او مظفر گڑھ حسن اقبال اور ڈی پی او لیہ سید ندیم عباس کے مطابق پریزنر وین قیدیوں کو مظفر گڑھ سے لیہ لے کر آ رہی تھی، حادثہ ڈرائیور سے موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا،جس میں 5 پولیس اہلکار اور 23 قیدی زخمی ہوگئے، جب کہ مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبلز سبحان اور قیصر موقع پر ہی شہید ہوگئے۔