ہندو ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں‘گورنر سندھ

کراچی جدت ویب ڈیسک گورنر سندھ محمد زبیر نے ہندو برادری کے تہوا ر ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر برس کی طرح امسال بھی ہندو برادری پاکستان سمیت پوری دنیا میں اپنے ہولی کے تہوا ر کو جو ش و خروش سے منارہے ہیں ،خوشی کے اس موقع پر ہندو برادری پاکستان کی سلامتی ، خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کرتے ہیں جو ان کی وطن سے والہانہ محبت کا واضح اظہار کا عملی ثبو ت ہے، ہولی کے تہوار پر ہندو برادری مختلف رنگ ایک دوسرے پر نچھاور کرکے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں ایک دوسرے گھر آکر ہر ایک کو مبارک باد پیش کرنے سے خوشی کا سما بندھ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن میں کمیونٹیز کو نہ صرف تمام حقوق حاصل ہیں بلکہ انھیں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی بھی مکمل آزادی حاصل ہے ہندو برادری کے تہوار ہولی کے دوران حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے تاکہ ہندو برادری اپنی مذہبی رسومات میں بھرپور طریقہ سے حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو پاکستانی ملک میں ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ، سماجی شعبہ با الخصوص صحت ،تعلیم اور بلدیاتی اداروں میں ہندو برادری کے افراد اہم خدمات انجام دے رہے ہیں ، حکومت قومی ترقی میں ہندو برادری کی شمولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بھرپور مواقع بھی فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت ہندو برداری کی بہت بڑی تعداد نے اپنی سرزمین کو مقدس سمجھ کر یہاں رہنے کو ترجیح دی اور انتہائی کٹھن حالات میں ہندو برادری نے ملک کی تعمیر میں شانہ بشانہ حصہ لیا ، ملکی کی ترقی و خوشحالی اس سفر میں ہندو برادری کا بھی حصہ شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سے لیکر ہر شعبہ ہائے زندگی میں ہندو برادری کو مناسب نمائندگی حاصل ہے ، ملکی سیاست میں ہندو رہنما بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ، سب اکائیوں نے مل کر ہی پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی اس ضمن میں ہندو برادری کا کردار قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری اپنے تہوار کے موقع پر ہندو برادری کے نادار ، غریب اور مستحق افراد کو بھی شامل کریں جو ان کی اخلاقی و سماجی ذمہ داری بھی ہے ، ہم سب کو مل کر غریب و نادار افراد کی کفالت کی ذمہ داری بھی اٹھانی چاہئے ،فلاحی معاشرہ کی تشکیل سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل سکتی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.