PPP

ہم کمزور نہیں ہونگے ،تنظیم کو یکسوئی سے آگے لیکر جائینگے،فیصل سبزواری

کراچی جدت ویب ڈیسک ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد گروپ کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ جس کرب کا ایم کیو ایم کے ووٹر اور کارکنان ایک ماہ سے شکار ہیں اسی کرب کا ہم بھی شکار ہیں، جو وقت ہمیں دیگر جماعتوں سے بات چیت میں صرف کرنا چاہئے تھا وہ ہم آپس میں کرتے رہے، تعداد کم ہو یا زیادہ ایم کیو ایم پیپلزپارٹی کو ناکوں چنے چبوائے گی۔پیر کو سندھ اسمبلی کے باہر خواجہ اظہار الحسن ،محمد حسین اور دیگر ارکان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ اس پریس بریفنگ میں فاروق ستار بھائی اور رابطہ کمیٹی کو بھی درست سمجھنے والے اراکین موجود ہیں۔ ہم میں سے کوئی بھی ایم کیو ایم کے ووٹ کی تقسیم نہیں چاہتا، سینیٹ الیکشن کے نتائج کے بعد ہم ایم کیو ایم کے کارکنان اور ووٹر ز کے کرب میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم نے ٹیکنو کریٹس کی نشست ہمیشہ دیگر جماعتوں کے تعاون سے جیتی ہے، افسوس ہے کہ جو وقت ہمیں دیگر جماعتوں کو ووٹ دینے کے لئے قائل کرنے کا تھا وہ ایکدوسرے کو منانے میں لگا دیا ۔انہوںنے کہا کہ کہ کچھ لوگوں نے فاروق ستار اور کچھ نے رابطہ کمیٹی کے کہنے پر فروغ نسیم کو ووٹ دیا، بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے پارٹی کے خلاف ووٹ دیا، خاص طور پر ہماری کچھ بہنوں نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا ان کے پاس بہت راستے تھے وہ کھل کر بات تو کرتیں۔ ہم کمزور نہیں ہونگے اور تنظیم کو یکسوئی سے آگے لیکر جائیں گے۔ایم کیو ایم کے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہمارے کچھ ارکان نے پندرہ ہزار ساتھیوں کے قاتلوں کو ووٹ دیا، اگر امیدوار پسند نہیں تھا تو گھر بیٹھ جاتے،پہلے پیپلزپارٹی خود چیخ رہی تھی کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے، حیرت ہے جہاں ایک ایم پی اے نہیں وہاں ان کے سینیٹرز منتخب ہوگئے، سینیٹ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں یہ دھاندلی سے بھرپور الیکشن تھے۔ تعداد کم ہو یا زیادہ یہ تعداد بھی پیپلزپارٹی کو ناکوں چنے چبوائے گی۔ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ ہم نے کبھی ووٹ کا سودا نہیں کیا حلفیہ کہتا ہوں ہم نے ووٹ کا کوئی سودا نہیں کیا، میں اپنے کارکنان کا اعتماد بحال کرنے کے لئے قرآن اٹھانے کے لئے تیار ہوں، تعداد کتنی بھی ہو ہم ایم کیوایم کے ووٹرز اور کارکنان سے شرمندہ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.