Karachi

ہم غریبوں اور جمہوریت کیلئے سیاست کرتے ہیں‘بلاول بھٹو زرداری

میرپور ماتھیلو جدت ویب ڈیسک سندھ اسمبلی کی صوبائی نشست پی ایس 7 پر5 مارچ کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے قریب آتے ہی، سیاسی میدان گرم ہوتا جا رہا ہے۔پیپلزپارٹی امیدوار عبدالباری پتافی کے الیکشن مہم کے سلسلے میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے میرپور ماتھیلو میں چاندنی چوک پر خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے دس منٹ کے دورانئے کے خطاب میں کہا کہ پی ایس 7میرپور ماتھیلو۔ڈہرکی پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں عوام پیپلزپارٹی کے نامزد کردہ امیدوار عبدالباری پتافی کو ووٹ دیکر کامیاب کریں،عبدالباری پتافی نے اگر کامیاب ہونے کے بعد عوامی مسائل حل نہ کیئے تو وہ خود ان سے حساب لیں گے۔عبدالباری کی کامیابی پیپلزپارٹی، شہید بھٹو، عوام اور میری کامیابی ہوگی۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ ہم سیاست غریبوںاور جمہوریت کے لیئے کرتے ہیں۔ شہید بھٹو نے جمہوریت اور عوام کے لیئے اپنی جان قربان کردی۔پیپلزپارٹی ایک عوامی اور جمہوری پارٹی ہے اس کے قائدین نے جمہوریت کی بقا کے لیئے جانوں کے نذرانے پیش کیئے ہیں۔ بی بی شہید کی شہادت کے بعد امن امان کی صورتحال انتہائی خراب تھی لوگوں کا گھروں سے نکلنا بہت دشوار تھا، خزانہ خالی تھا، غربت اور بیروزگاری عروج پر تھی۔ ہم نے ان تمام مسائل کا سامنا کیا، ہم نے اقتدار سنبھالتے ہی نوجونوں کو روزگار دیا، نواز شریف اور مشرف کے دور میں نکالے گئے ملازمین کو بحال کیا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا، غریب ترین عورتوں کی مالی امداد کے لیئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، امن وامان پر ضابطہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ بی بی شہید آج بھی زندہ ہے وہ عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ اس موقع پر ان کی چھوٹی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ کھڑی تھیں،جونعرے لگاکر نوجوانوں کا جوش بڑھاتی رہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے کے لیئے کارکنان اور شہری کئی گھنٹے تک انتظار کرتے رہے جبکہ اس سے قبل پیپلزپارٹی امیدوار عبدالباری نے بھی خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ اسے ووٹ دیں وہ کامیاب ہو کر اسمبلی میں پہنچ کر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لیئے اپنی آواز بلند کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.