Wasim Akhter Mayor Karachi

کراچی کا بجٹ کراچی کے لوگوں کیلئے استعمال ہوگا، وسیم اختر

کراچی جدت ویب ڈیسک میئر کراچی وسےم اخترنے کہاہے کہ کراچی کا بجٹ کراچی کے لوگوں کے لئے استعمال ہوگا، کچی آبادیوں سے تجاوزات ختم کرنے کے لئے پلاننگ کر رہے ہیں،دکاندار ، ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے مالکان اپنی حدود تک رہیں،تمام اضلاع کے منتخب نمائندے ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں، شہری مسائل کے حوالے سے عوامی مشکلات کم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز چورنگی سے واٹر پمپ تک بننے والی سڑک کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ اور فیڈرل بی ایریا کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر بلدیہ وسطی کے وائس چیئرمین شاکر علی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، مختلف یوسی چیئرمینز ہارون،شہروز ، یونس، جمشید قائم خانی، دیگر بلدیاتی نمائندے اور کے ایم سی کے سینئر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمہ کی مہم جاری ہے اور اسے بھرپور طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے، لوگوں نے تجاوزات قائم کرکے پختہ گھر اور عمارات تعمیر کرلی ہیں، دکانداروں اور ریسٹورنٹس مالکان سے کہوں گا کہ وہ تجاوزات خود ختم کردیں تاکہ انہیں نقصان نہ ہو، پارکوں میں کسی بھی قسم کی تعمیرات پر سپریم کورٹ کی جانب سے پابندی ہے، پارکوں میں دفاتر یا کوئی تعمیرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،انہوں نے کہاکہ آئین میں سڑک کے کنارے پیدل چلنے والوں کو حقوق حاصل ہیں اور فٹ پاتھ عوام کے لئے ہوتے ہیں ، اس معاملے میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.