Islamabad and Karachi Dharna

کراچی‘ نمائش چورنگی پر بھی مذہبی جماعت کا دھرنا‘ شہر میں بد ترین ٹریفک جام

اسلام آباد ‘ کراچی جدت ویب ڈیسک کراچی میں بھی نمائش چورنگی پر دھرنا دیدیا گیا ہے جس کے باعث شہر میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ہے جبکہ اسلام آباد میںفیض آباد میں دھرنا ختم کرنے کی عدالتی ڈیڈلائن ختم ہونے کے باوجود حکومت شرکا کو مذاکرات کے ذریعے دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کرانے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیرداخلہ احسن اقبال کی مظاہرین سے مذاکرات کے ذریعہ دھرنا ختم کرانے کی آخری کوشش جاری ہے۔ احسن اقبال نے انتظامیہ کو آپریشن 24 گھنٹے موخر کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ مذہبی رہنماﺅں اور مشائخ کرام سے دھرنا ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔و زیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نبی کریم کے نام پر عوام کو تکلیف اورباہم خونریزی سے بچانا چاہیے، تحفظ ختم نبوت قانون پاس ہونا پارلیمنٹ کا تاریخی کارنامہ ہے، قیامت تک کوئی اس میں تبدیلی نہیں لا سکے گا اوراب دھرنے کا جوازنہیں رہا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پوری قوم کا حق ہے کہ بھائی چارہ اور امن کی فضا میں عید میلاد النبی پورے جوش و خروش سے منائے، ضد کا انجام جشن عید میلادالنبی کے ماحول کو کشیدہ کرے گا جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کروانا قانونی تقاضا ہے۔حکومت کے دھرنا مظاہرین کی قیادت سے بیک ڈوررابطے کام کرگئے ہیں اور تحریک لبیک کے رہنما حکومت سے مذاکرات کے لئے آمادہ ہوگئے ہیں۔سابق وزیراعظم نوازشریف اور وزیرداخلہ احسن اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے چیرمین سینٹیر راجہ ظفرالحق سے رابطہ کیا اور ان سے دھرنا ختم کروانے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی جس پر راجہ ظفرالحق نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کے شرکا وفاقی وزیر سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں ایسے حالات میں ان سے کیا مذاکرات ہوں گے۔بعد ازاں وزیرداخلہ راجہ ظفرالحق کے گھر پہنچے اور انہیں ثالثی کا کردار ادا کرنے پر رضا مند کردیا جس کے بعد ختم نبوت ترمیم کی تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ راجہ ظفر الحق کے گھر پر دھرنے کے شرکا سے مذاکرات ہوئے جس میں پیر گولڑہ شریف، پیر اعجاز شیرانی، ڈاکٹر شفیق امین، شیخ اظہر حسین اور معروف کاروباری شخصیت رفیق پردیسی شریک تھے۔جبکہ کراچی میں بھی نمائش چورنگی پر دھرنا دیدیا گیا ہے جس کے باعث شہر میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.