mqm

میئروسیم اخترکا کراچی میں تجاوزات کے حوالے سے ایساانکشاف کہ جان کرآپ کی آنکھیں کھلی رہ جائیں‘ جانئے

کراچی جدت ویب ڈیسک میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پچر نالے پر 6 ہزار رننگ فٹ صفائی کا کام ہوچکا جبکہ نالے کو محفوظ بنانے کے لئے تعمیراتی کام جاری ہے ، شہر کے نالوں پر بے انتہا تجاوزات ہیں، ایک ایسا مافیا ہے جو صرف نالوں کو ہدف بناتا ہے اور وہاں مکانات اور دکانیں قائم کرنے کے بعد انہیں بیچ کر آگے نکل جاتا ہے کراچی کے 13 بڑے نالوں کے اوپر قائم تجاوزات نہ ہٹائی گئیں تو بارشوں کے دوران نالوں کے اوور فلو ہونے کا شدید خطرہ ہے جس سے اطراف کی آبادیوں کونقصان پہنچ سکتا ہے، نالوں سے تجاوزات ہٹانے میں حکومت سندھ ہماری مدد کرے اور بلاتفریق انسداد تجاوزات کی مہم چلائی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی سہ پہر لی مارکیٹ لیاری کے قریب پچر نالے کی صفائی اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر یوسی ناظم حبیب حسن، ضلع جنوبی کے میونسپل کمشنر برکت اللہ میمن، ڈائریکٹر فنانس نایاب سعید اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے کہا کہ پچر نالے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ لی مارکیٹ کی مرکزی شاہراہ سے گزرنے والے نالے کی خستہ حال چھت کو دوبارہ تعمیر کیا جار ہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جائے اور نالے میں کچرا گرنے سے روکا جاسکے، انہوں نے کہا کہ لیاری سمیت شہر کے تمام علاقوں میں جہاں جہاں نالوں کی صفائی اور مرمت کی ضرورت ہے ، ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر کرائے جا رہے ہیں کیونکہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالے نکاسی آب کا قدرتی ذریعہ ہیں اور انہیں ہر صورت میں بحال اور کارآمد رکھنا انتہائی ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور شہر کو ایک بڑے اور دیرینہ مسئلے سے نجات ملے گی، حکومت سندھ بلدیاتی اداروں کے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کرے اور مشترکہ طور پر ایسی حکمت عملی وضع کی جائے جس سے مستقبل میں شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر اور موثر بنایا جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے کسی بھی علاقے میں عوام کو درپیش مسائل ہمارے اپنے مسائل ہیں اور ہم بلاتفریق شہریوں کی مشکلات کو دور کرنے کا عزم رکھتے ہیں، کراچی کے ہر حصے میں بسنے والے لوگ ہمارے لئے یکساں ہیں اور بلدیاتی نمائندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو پیش آنے والے مسائل کے جلد ازجلد حل کے لئے کوششیں جاری رکھیں، انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی اور مرمت ترجیحی کاموں میں شامل ہے اور اس کے لئے جو بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں بروئے کار لاکر نالوں کو بہتر بنانے کی پالیسی پر عملدرآمد کر رہے ہیں تاہم شہریوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نالو ںمیں کچرا پھینکنے سے گریز کریں کیونکہ پہلے ہی نالوں میں سطح آب خاصی بلند ہوچکی ہے اور مزید سطح بلند ہونے سے اطراف کی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ تمام تر مسائل کے باوجود ہم نے شہر کے مسائل حل کرنے کی ٹھان رکھی ہے اور بہتری کی سمت میں ہمارے قدم رواں دواں رہیں گے، شہریوں کو ہرممکن بہتر سہولیات مہیا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو ہر صورت نبھائیں گے ، شہریوں کے تعاون سے بہت جلد شہر کے مسائل حل ہوں گے اور مسائل میں مبتلا شہری سکھ کا سانس لیں گے۔دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو اس وقت امن و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، ترقیاتی سفر کو جاری رکھنے کے لئے پرامن ماحول ضروری ہے، ماضی میں پارکس اور پلے گرائونڈز کی بہتری پر توجہ دینے کے بجائے ان پر قبضے کئے گئے، کھیل کے میدان اور باغات شہریوں کی امانت ہیں لہٰذا کسی کو اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے بنائے گئے منصوبوں کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرے، جامعہ کراچی میں پیغام امن کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد مستحسن قدم ہے،ولیکا گرائونڈ کو بہتر بنانے کے لئے ہرممکن تعاون کریں گے ،یہ بات انہوں نے جامعہ کراچی کے ولیکا گرائونڈ پر منعقد کئے جانے والے پیغام امن کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جبکہ جامعہ کراچی کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور میئر کراچی کا پرجوش استقبال کیا، میئر کراچی وسیم اختر نے بیٹنگ اور بولنگ کرکے ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا، اس موقع پر فضا میں رنگ برنگ غبارے بھی چھوڑے گئے، انہوں نے ولیکا گرائونڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے متعلقہ محکمے کو گرائونڈ میں گھاس لگانے اور تماشائیوں کے لئے نشستوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی، میئر کراچی نے طلبا وطالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دینے کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، نوجوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں اور انہیں آگے چل کر اپنے شہر اور ملک کی خدمت کا فریضہ انجام دینا ہے، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پاکستانیوں میں بے حد مقبول ہے اور عوام کی بڑی تعداد کرکٹ مقابلوں کو ذوق و شوق کے ساتھ دیکھتی ہے اور ہر سطح پر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، کراچی کو کرکٹ کریزی شہر بھی کہا جاتا ہے اور کرکٹ کے حوالے سے زرخیز شہر کراچی نے دنیا کرکٹ کو کئی ورلڈ کلاس کھلاڑی دیئے ہیں جنہوں نے پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں اونچا کیا اور ملک و قوم کی نیک نامی کا باعث بنے، انہوں نے کہا کہ آج کے جونیئر اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہی کل کے سپر اسٹار ہوں گے بشرطیکہ ان نوجوانوں کی دل کھول کر حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کھیلوں کی نرسری کہلانے والے اس شہر کی کرکٹ کے کھیل سے والہانہ محبت کی وجہ سے ہی پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ PSL کا فائنل کراچی میں کرانے کی پیشکش کی تھی اور ہمیں اس بات کی ازحد خوشی ہے کہ کرکٹ کے ارباب اختیار نے ملک کے سب سے بڑے شہر اور کمرشل حب کراچی کے اس جائز مطالبے کو تسلیم کیا اور 25 مارچ کو پورا شہر کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے PSL فائنل میں انٹرنیشنل سپر اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا منتظر ہے، امید ہے کہ یہ فائنل معرکہ انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ ثابت ہوگا اور کرکٹ کے شائقین اس مقابلے کو طویل عرصے تک یاد رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی مرکزی شہری ادارہ ہونے کے ناطے PSL فائنل کے انعقاد میں بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے اور اس حوالے سے ہم سے جو بھی ہوسکا ضرور کریں گے ، انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی پاکستان کی صف اول تعلیمی درس گاہوں میں شامل ہے جس نے ہمیشہ ملک کو بہترین افرادی قوت دی ہے ، ہماری خواہش ہے کہ جامعہ کراچی کھیلوں کی نرسری بھی بن جائے اور یہاں کے طالب علم بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں کارنامے انجام دیں انہوں نے کہا کہ نوجوان قطعاً حالات سے مایوس نہ ہوں بلکہ مسلسل کوشش اور محنت جاری رکھیں، کامیابی کے لئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ، کسی بھی شعبے میں خود کو منوانے کے لئے تن من دھن کی بازی لگانا پڑتی ہے تبھی کامیابی قدم چومتی ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ کراچی میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ایک کامیاب ایونٹ ثابت ہوگا اور اس کے دوران جامعہ کراچی کے طالب علموں کو اپنے صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.