PSP

مصطفی کمال کی خوش فہمی یا غلط فہمی ؟؟؟

شہدادپور جدت ویب ڈیسک پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اگر آئندہ سال الیکشن ہوئے تو کراچی سمیت پورے سندھ میں ہم بھرپور کامیابی حاصل کریں گے اور سیٹیں حاصل کر کے ثابت کر دیں گے کہ آئندہ وزیر اعلیٰ سندھ ہمارا ہوگا ۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار شہدادپورکے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ انیس قائمخانی، اشفاق منگی،نادر خلجی، ، نیک زادہ ، جاوید قائم خانی، قمر بونیری اور دیگررہنمائ بھی موجود تھے۔ ان رہنمائوں کا شہدادپور پہنچنے پر سینکڑوں افراد نے پولیس ٹریننگ کالج کے سامنے شاندار استقبال کیا ۔ اس موقع پر موجود لوگوں نے سندھی ثقافت اجرک کا تحفہ دیا ، پھولوں کے ہار پہنائے اور گل پاشی کی ۔اس کے بعد جلوس کی صورت میں راجپوت کالونی لائے جہاں انھوں نے ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ایک سازش کے تحت تمام قوموں میں نفرتیں پیدا کی گئیں یہ نفرتیں الطاف حسین نے پیدا کیں اس فرعون کی سازشوں کے خلاف ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کراچی میں ڈیڑھ سال تک کام کرنے کے بعد اب ہم اندرون سندھ نکلے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے ظالم حکمرانوں نے سندھ کی عوام سے تعلیم ، صحت ،روڈ رستے ، صاف پانی اور روزگار چھین لیا ۔آج بھی سندھ میں 70 لاکھ بچے اسکول نہیں جاتے ۔یہ بچے اگر تعلیم حاصل نہیں کریں گے تو آئندہ وقتوں میںاگلی نسلوں کے گلے کاٹیں گے یہ ان کا قصور نہیں ہو گا یہ ہمارا قصور ہے کہ ہم اس ظلم کے خلاف خاموش ہیں ۔ اللہ تعالیٰ اس ظلم پر خاموش رہنے کا سب سے پہلے ہم سے پوچھے گا ۔انھوں نے کہا کہ ہم نے ان ظلم اور زیادتیوں کے خلاف علم بلند کیا ہے اگر آپ اپنی قوم کا اچھا مستقبل چاہتے ہیں تو ہمارے پلیٹ فارم میں شامل ہو جائیں تاکہ ہم مل کر اس ظلم و زیادتیوں کے خلاف جدوجہد کر سکیں ۔ اس موقع پر غلام رسول راجپوت ، محمد اقبال راجپوت ، رانا ماجد باغی ، طاہر یاسین ، رانا محبت علی ، عبدالغفار عرف جھولے لعل، اختر رسول شیخ ، رانا عبدالقدیر و دیگر افراد بھی موجود تھے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.