PPP

متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ کے انتخابات میں ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے،نثار احمد کھوڑو

لاڑکانہ جدت ویب ڈیسک پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ کے انتخابات میں ناکامی پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی پر ہارس ٹریڈنگ اور ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزامات بے بنیاد ہیں ممبران نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کیے ہیں اب سب کے لیے بہتر آپشن پیپلز پارٹی ہی ہے۔ لاڑکانہ میں قائم اپنی رہائش گاہ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ جو کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی صرف ایک صوبے تک محدود ہوچکی ہے سینیٹ انتخابات میں سندھ کے علاوہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں پیپلز پارٹی کی کچھ نشستوں پر کامیابی ان شور مچانے والوں کی منہ پر تمنچہ ہے اب پیپلز پارٹی سینیٹ میں اپنا چیئرمین بھی منتخب کروائے گی ساتھ ہی ساتھ 2018کے عام انتخابات میں سندھ سمیت وفاق میں بھی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کا پنڈورا باکس کھل چکا ہے اب ان کا تماشہ نہیں چلے گا، عام انتخابات میں ن لیگ کو پنجاب اور پی ٹی آئی کو کے پی کے میں شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے میں اپنی ناکامی دیکھ کر ابھی سے ہی کراچی سے انتخابات لڑنے کا اعلان کرچکے ہیں لیکن کراچی سے کشمور تک سندھ میں اسے کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان شادیاں کرتے رہیں اور سیاست میں ناکامیاں ان کے مقدر بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات وقت پر ہونا ان قوتوں کی شکست ہے جو یہ کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ کے انتخابات نہیں چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات بھی ہوچکے اور پیپلز پارٹی کو بہتر نتائج اور حمایت بھی ملی جس کے بعد اب پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور حکمت عملی پر سینیٹ کی چیئرمین شپ بھی ن لیگ کو لینے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی نابالغ کہنے والے دڑہ بندی اور اختلافات کا شکار ہوکر ختم ہورہے ہیں کیونکہ اب دھمکیوں کے زور پر کراچی سے ووٹ لینے کا سلسلہ نہیں چلے گا، کراچی کا عوام بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پر بلیک میلنگ کے الزامات لگانے والے خود کو دیکھ لیں وہ ماضی تھا جب کراچی سے بوری بند لاش ملتے تھے اور ایک فون کال پر شہر کو بند کیا جاتا تھا اب ہم نے کراچی والوں کو پرامن ماحول فراہم کیا ہے جس کے باعث کراچی کا عوام بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی مخالفین سے ڈرنے والی نہیں اور گھوٹکی پی ایس 7پر ضمنی انتخابات میں عوام کی طاقت سے پیپلز پارٹی کا ہی امیدوار کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حسینیت اور یزیدیت کی جنگ اب بھی جاری ہے ایک طرف یزیدیت کے پیروکار پیپلز پارٹی مخالف ہیں جو تیاریاں کررہے ہیں تو دوسری جانب حسینیت کی طرح شہادتیں دینے والی پیپلز پارٹی ہے جس پرعوام کو آئندہ انتخابات میں فیصلہ کرنا پڑے گا۔ صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے آمریت کے خلاف جدوجہد کرنے والے جام ساقی کے انتقال پر ان کے ورثاء￿ سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جام ساقی کے انتقال سے پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتوں کا نقصان ہوا ہے کیونکہ جام ساقی نے ہمیشہ جمہوریت کے لیے کردار ادا کیا اور آمریت کے خلاف جدوجہد کی، جام ساقی کے ورثاء سے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.