لیاری ایکسپریس وے منصوبہ زمین نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار،چیئرمین این ایچ اے کا اعتراف

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے قائمہ کمیٹی مواصلات کو دوٹوک الفاظ میں بتایا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے زمین نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا ہے جبکہ سکھر حیدر آباد موٹر وے پر تعمیراتی کام کی منظوری اگلے ماہ دی جائے گی۔ چیئرمین این ایچ اے نے بتایا کہ نواز شریف دور حکومت میں شروع کئے گئے قومی شاہراہوں کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں جبکہ گزشتہ دس سالوں سے شروع منصوبے مزید تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں ۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں متعلقہ وزیر کی غیر حاضری پر کمیٹی کے اراکین نے برہمی کا اظہار کیا ۔ چیئرمین کمیٹی محمد مذمل قریشی نے کراچی میں سروس روڈ کی تعمیر مکمل نہ کرنے پر اجلاس میں شدید احتجاج کیا اور دھمکی دی کہ روڈ مکمل نہ ہونے کی صورت میں سروس روڈ پر احتجاج کروں گا ۔ حکومت فی الفور زیر التوا منصوبہ جات مکمل کرے ۔گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین محمد مذمل قریشی نے کی ۔ اجلاس میں وزیر مواصلات کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا گیا ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ متعلقہ وزیر گزشتہ اجلاسوں میں شریک نہیں ہوئے کمیٹی نے وزیر مواصلات کو وارننگ نوٹس جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگر وہ آئندہ اجلاس میں شریک نہ ہوئے تو تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے وزیر اعظم کی جانب سے لواری ٹنل کے افتتاح کی تقریب میں دعوت نہ دینے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف صرف ایک جماعت کے نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیر اعظم ہیں ۔ صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم پانامہ کے ڈر میں مبتلا ہیں ۔ این ایچ اے کے چیئرمین نے کمیٹی کو بتایا کہ اگست کو لیاری ایکسپریس وے کھولنے کا اعلان کیا تھا مگر زمین نہیں ملی جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے باعث کام میں تاخیر ہوئی جبکہ منگھو پیر انٹرچینج جلد کھول دیا جائے گا ۔ انہو ںنے کمیٹی کے ارکان کو بتایا کہ کراچی حیدر آباد موٹر وے جلد کھول دیا جائے گا ۔ خضدار تا دیر منصوبہ ستمبر تک مکمل ہو جائے گا ۔ ملک میں جاری اکثر منصوبے ستمبر میں مکمل ہو جائیں گے ۔ کمیٹی کے چیئرمین مذمل قریشی نے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے سروس روڈ کے بغیر یہ منصوبہ مکمل تصور نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ سروس روڈ کے منصوبے کو مکمل کرنے کے بعد افتتاح کیا گیا تو لیاری ایکسپریس وے پر احتجاج کریں گے ۔ این ایچ اے کے چیئرمین نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس وے پر کام 2002 سے جاری ہے ۔ کمیٹی کے چیئرمین نے این ایچ اے کے حکام پر واضح کیا کہ ایکسپریس وے پر سروس روڈ ہر صورت مکمل ہونی چاہئے ۔ کمیٹی کے ارکان ساتھ ہوں یا ہوں سروس روڈ پر کام مکمل نہ ہوا تو لیاری ایکسپریس وے پر تن تنہا احتجاج کروں گا ۔چیئرمین این ایچ اے نے انڈر ہائی وے اور جامشورو سیون روڈ بھی دو روہیہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔ سکھر حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ۔ سکھر حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر کی 31 جولائی کو منظوری دی جائے گی ۔ این ایچ اے کے چیئرمی نے بتایا کہ سکھر حیدر آباد موٹر وے پر کام تین ماہ میں شروع کر دیا جائے گا ۔ اجلاس میں ایم این اے شاہ جہاں مینگریو‘ صاحبزادہ طارق اللہ ‘ مولانا قمر الدین ‘ سلیم رحمانی ‘ رمیش لال ‘مائزہ حمید ‘ عبدالرحمان کانجو نے شرکت کی ۔ اجلاس مین سیکرٹری مواصلات نے شرکت کی تاہم پورے اجلاس مین خاموشی کا روزہ رکھا ہوا تھا ۔ اجلاس کو بریف شاہد اشرف تارڑ چیئرمین این ایچ اے نے کیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.