قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے تمام مسلم لیگیوں کو دوبارہ متحد کرنا ہو گا‘چوہدری شجاعت حسین

لاہور جدت ویب ڈیسک پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پیپلزمسلم لیگ کے صدر اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (GDA) کے اہم رہنما سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے، کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ اور دیگر رہنما بھی ملاقات میں موجود تھے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم لیگی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں، ملک صوبائیت میں بٹا ہوا ہے، صوبائی عصبیت کے خاتمے، مادر وطن کی یکجہتی کیلئے اور اسے مشکلات و مسائل سے نکالنے کا یہی بہترین راستہ ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دوقومی نظریہ پر ایمان رکھنے والوں نے مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر پاکستان قائم کیا تھا اور ہمیں آج قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے تمام مسلم لیگیوں کو دوبارہ متحد کرنا ہو گا تاکہ ملک کو آئے روز کسی نہ کسی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے، عام اور غریب آدمی کے مسائل حل ہو سکیں، قوم کو ایک ایسی قیادت میسر ہو جو اس ملک کیلئے نیک نیتی، ویژن اور بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکی ہے اور جو مضبوط و خودمختار پاکستان پر ایمان رکھتی ہے۔ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ تمام مسلم لیگیوں کا اتحاد ملک و قوم کو مختلف مافیا کے چنگل سے آزاد کرانے کیلئے بھی ضروری ہے، مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے اور وہی اس کی سلامتی، استحکام اور یکجہتی کا تحفظ کر کے ترقی کی نئی منزلوں پر لے جا سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.