قومی اسمبلی ،عائشہ گلالئی کا واقعہ خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے ، وزیراعظم شاہد خاقان

اسلام آبادجدت ویب ڈیسک وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لئے اس ایوان کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان کیمرہ کارروائی کے بعد اپنی رپورٹ دے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں عائشہ گلالئی کے الزامات کے حوالے سے خواتین ارکان کی جانب سے اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ مسئلہ ہے‘ یہ معاملہ گالم گلوچ کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ اس ایوان کی ایک رکن نے ایوان ہی کے دوسرے رکن کے خلاف الزامات لگائے ہیں۔ میں 30 سال سے اس ایوان میں موجود ہوں۔ ایسا کوئی معاملہ نہیں سنا‘ یہ ایک ایسا الزام ہے جو اس ایوان کے اندر لگا اور یہ ایوان کے تقدس کا معاملہ ہے۔ ہم نے اس ایوان کے تقدس کو برقرار رکھنا ہے اس لئے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بنا دیں جس کے اجلاس ان کیمرہ ہوں جو اس معاملے پر غور کرکے اپنی رپورٹ دے‘ ہم الزام لگانے والی ممبر اور جس رکن پر الزام لگا ہے دونوں کا احترام کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ میں نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ انہیں 24 گھنٹے سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.