فٹبال اسٹیڈیم کی دیوار گرنے سے آٹھ افراد ہلاک، 49 زخمی

ڈاکار جدت ویب ڈیسک افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم میں دیوار گر جانے سے آٹھ افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ ڈیمبا ڈیئوپ سٹیڈیم میں دو فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلنے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔حکام کے مطابق سٹیڈیم میں سٹیڈ ڈی بور اور یونین سپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ ہو رہا تھا جس میں ایکسٹرا ٹائم میں سٹیڈ ڈی بور کی ٹیم نے گول کر کے 2-1 کی برتری حاصل کر لی جو کہ میچ کے اختتام تک محفوظ رہی۔آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے شائقین کی آپس میں لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس نے تماشایئوں کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے سٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی اور اسی بھگڈر میں دیوار گر گئی۔میدان سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ دھویں میں دیوار پھلانگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔میدان میں ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود تھیں۔سٹیڈیم میں موجود چیکا مابا ڈیئوپ، جن کے ایک دوست کی اس حادثے میں موت ہو گئی، نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے نے بتایا کہ دیوار اچانک گر گئی اور ہمیں اسی وقت معلوم ہو گیا تھا کہ ہمارے جاننے والوں کی موت ہو گئی ہو گی کیونکہ دیوار سیدھی ان پر گری تھی۔ملک کے صدر میکی سال کے ترجمان نے بتایا کہ سنیگال میں جاری انتخابی مہم اس واقعہ کے بعد معطل رہے گی اور کہا کہ ذمہ داران کو ‘سزا ملنی چاہیے تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.