عورت پر کیچڑ اچھالنے کی روایت ختم ہونی چاہیے‘ فلمسٹار ثناء

لاہور جدت ویب ڈیسک فلمسٹار ثناء نے کہا ہے کہ آج کی سیاست جس طرح گندی ہو چکی ہے مجھے سیاست سے نفرت ہو چکی ہے ، ایک دوسرے کی ذات پر کیچڑ اچھالنا معمول بن چکا ہے ، بعض سیاستدان اپنے سیاسی معیار سے بہت نیچے آکر ایسی گفتگو کرتے ہیں جسے سن کو بہت دکھ ہوتا ہے کہ آج ملک کی سیاست کرنے والے کیسے لوگ ہیں۔ انہوں نے  خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو چھوڑنے والی عائشہ گلا لئی نے عمران خان پر جو الزامات عائد کیے ہیں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی کہ اس میں کتنا سچ اور کتنا جھوٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا دنیا کا سب سے زیادہ آسان کام ہے اور بدقسمتی سے ہم ایک دوسرے پر تنقید کرنا ایک فیشن بنا چکے ہیں ۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں سرعام ایک دوسرے کی خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال ہوں گے۔ میں اپنے سیاستدانوں سے اپیل کرتی ہوں کہ خدا کے لئے وہ عورت ذات پر کیچڑ اچھالنے کی روایت کو ختم کر دیں۔ ثناء نے کہا کہ پاکستان ایک نظریے کے تحت حاصل کیا گیا تھا مگر اب وہ نظریہ کہیں نظر نہیں آتا ، میں اداکارہ ہونے کے ساتھ پہلے ایک پاکستانی ہوں اور بطور پاکستانی میرا فرض ہے کہ جو چیز اچھی ہے اس کی تعریف کی جائے اور جو چیز برائی کو فروغ دیتی ہے اپنی حد تک جہاں تک ممکن ہو اسے روک سکوں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاست کا جس طرح کا انداز ہو چکا ہے اس کے بعد مجھے سیاست نام سے چڑ ہو گئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا کبھی تصور بھی نہیں کر سکتی ۔ صرف اپنے فنی کیریئر پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور کسی فالتو کاموں میں پڑنا نہیں چاہتی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.