PMLN

سی پیک سے ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، بند کارخانے بحال ہو رہے ہیں،احسن اقبال

اسلام آباد جدت ویب ڈیسک وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بجلی بحران کے خاتمے اور دہشت گردی پر قابو پانے کے حوالے کے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں، بند ہونیوالے کارخانے بحال ہو رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یہ بات ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے رہنمائوں اور سماجی شخصیات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیر اپنے چارملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں نارویجن حکام سے دہشت گردی کیخلاف اقدامات سمیت متعدد دوطرفہ امور پر بات چیت کیلئے گزشتہ روز دو روزہ دورے پر ناروے پہنچے تھے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5سال قبل جب حکومت برسر اقتدار آئی تو 6ہزار سے 7ہزار میگاواٹ بجلی ضرورت سے کم پیدا ہورہی تھی، پورے ملک میں لوڈشیڈنگ ہورہی تھی، اب لوڈشیڈنگ بہت کم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال قبل ملک میں دہشت گردی کی یہ حالت تھی کہ کراچی جیسے شہر سے سرمایہ کار و کاروباری لوگ بھاگ کر دبئی، ملائیشیا اور کینیڈا جارہے تھے، 100کارخانے بند ہونیوالے تھے، اب یہ کارخانے بحال ہوگئے ہیں، کراچی میں بھتہ مافیاکا راج خاتم ہوگیا ہے، اب دہشت گردی پر کافی حد تک قابو حاصل کرلیا گیا ہے اور دہشت گرد ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک سے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے چین کیساتھ طے ہوئے تھے جن میں 29ارب کی سرمایہ کاری پاکستان میں آچکی ہے، سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔اس موقع پر نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے رہنمائوں نے وفاقی وزیر کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پیش کئے۔پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چودھری قمراقبال نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق نادرا، امیگریشن، پولیس، ریونیو، پراپرٹی و دیگرمتعلق مسائل وفاقی وزیرکے سامنے بیان کئے جن پر وفاقی وزیر نے نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جتنا ممکن ہوسکا یہ مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.