Asim Saleem Bajwa General Director of the Inter-Services Public Relations

سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے‘عاصم سلیم باجوہ

کوئٹہ جدت ویب ڈیسک کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے اور آپ نے خوشحال بلوچستان کی ترقی کے مخالف دہشت گردوں کو شکست دے دی ہے جو بچے کچھے دہشت گرد ہیں انشاء اللہ اُن کو بھی جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے تربت میں مکران میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میلے کی بڑی تقریب کیچ سٹیڈیم تربت میں ہوئی جسے مختلف قسم کے بینرز اور جھنڈوں کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔تقریب میں مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں اور بلوچستان ریذیڈنشل کالج کے طلباء نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس کے علاوہ خصوصی طور پر کیٹل شو کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مختلف جانوروں بشمول اونٹ، گھوڑے اور مال مویشی بھی شامل تھے نمائش کیلئے پیش کئے گئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ رسہ کشی اور سائیکلنگ کے مقابلے بھی توجہ کا خصوصی مرکز رہے۔ مکران ڈویژن کے ذہین اور ہونہار طلباء کی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کے لئے اُن میں 118لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تقریب کے شاندار انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ کیچ سٹیڈیم میں لوگوں کا جم غضیر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے۔ اور آپ نے خوشحال بلوچستان کی ترقی کے مخالف دہشت گردوں کو شکست دے دی ہے جو بچے کچھے دہشت گرد ہیں انشاء اللہ اُن کو بھی جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ نے مزید کہا کہ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے اور انشاء اللہ جلد ہی مکران ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور مقامی آبادی کا معیارِ زندگی بلند ہو گا۔ بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے مقامی فنکاروں نے مختلف روایتی لوک رقص اور نغمے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.