خواتین کرکٹ کا مستقبل نوجوان کھلاڑیوں سے وابستہ ہے، محمد الیاس

لاہور جدت ویب ڈیسک پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں خواتین کرکٹ کا مستقبل نوجوان کھلاڑیوں سے وابستہ ہے اور سینیئر کھلاڑیوں کو یہ علم ہوچکا ہے کہ اب ان کے پاس زیادہ وقت نہیں رہا۔، آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ضرور رہی لیکن یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ چار میچز ایسے بھی تھے جو پاکستانی ٹیم جیت سکتی تھی لیکن فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے اسے کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ غیر ملکی خبررساں ادار ے کو ایک انٹرویو میں محمد الیاس کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اگر سینیئر کھلاڑیوں کی جگہ ورلڈ کپ میں نئی کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرتی تو سلیکشن کمیٹی پر الزام آجانا تھا اسی لیے سینیئر کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا۔محمد الیاس نے کہا کہ ٹیم میں شامل نئی کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی رہی۔ پاکستان اے ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا دورہ کرنے والی چار پانچ نئی کھلاڑی آنے والے دنوں میں پاکستان کے لیے کارآمد ثابت ہوں گی انھیں ورلڈ کپ میں شامل کیا جاسکتا تھا لیکن پھر یہ سوچا گیا کہ انہیں مزید تجربے کی ضرورت ہے۔محمد الیاس نے کہا کہ سینیئر کھلاڑیوں کو علم ہوچکا ہے کہ اب ان کے پاس زیادہ وقت نہیں رہا۔کپتان ثنامیر کے مستقبل کے بارے میں سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ثنا میر کا بیان آچکا تھا کہ وہ عالمی کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گی۔ انھیں کپتان برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔محمد الیاس نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ اور ٹریننگ کا مناسب پروگرام مرتب دیا جائے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ گلگت سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئی ہیں جبکہ پہلے کھلاڑی ڈھونڈنی پڑتی تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.