حسن ابدال میں المناک ٹریفک حادثہ‘16افراد لقمہ اجل

حسن ابدال جدت ویب ڈیسک جی ٹی روڈ پر مسافر وین اور ٹرک میں تصادم کے بعد خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 16افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے ، 10افراد نے موقع پر ہی تڑپ تڑپ کر جان دیدی جبکہ 6افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے،گیس پائپ لائن سے ٹکرانے سے وین میں آگ لگ گئی ، مسافروں کو وین سے باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا ۔تفصیلات کے مطابق حسن ابدال میں جی ٹی روڈ پرکیڈٹ کالج کے قریب راولپنڈی سے پشاورجانے والے ٹرک اورمسافر وین میں تصادم ہوگیا جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں وین میں سوار10 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں مزید 6 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں گاڑیوں میں تصادم کے بعد آگ لگی، جس کے بعد قریب موجود گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد کسی مسافر کو اترنے کا موقع نہ مل سکا تاہم فوری اطلاع ملنے پرفائربریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پرپہنچ گیا جس سے آگ پرقابو پالیا۔ دوسری جانب ڈی پی او عبد الرشید نے جائے حادثے کے قریبی علاقے کو مزید کسی حادثے سے بچنے کیلیے خالی کرا لیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ گیس پائپ لائن کے باعث مسافر وین آگ کی لپیٹ میں آئی جس سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں،مسافروں کو نکلنے کا موقع بھی نہ ملا اور وہ لقمہ اجل بن گئے ۔امدادی ٹیموں کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تمام لاشیں ناقابل شناخت ہیں اور انہیں مزید کارروائی کے لیے حسن ابدال کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جون میں صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 157 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے، بعد ازاں یہ ہلاکتیں 210 سے تجاوز کرگئیں تھیں۔وزیر اعلی پنجاب نے حسن ابدال ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.