PTI

جمہوری نظام کو نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری شریف خاندان پر ہوگی،ڈاکٹر عارف علوی کا انتباہ

کراچی جدت ویب ڈیسک پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ شریف خاندان ٹکرائو کی سیاست کی طرف گامزن ہے ۔اگر جمہوری نظام کو نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داریاں شریف خاندان پر عائد ہوں گی۔ ریاستی اداروں کا استحکام ملکی سلامتی کی بقائ کی ضمانت ہے۔ نواز شریف اور ان کے درباری جس طرح قومی اداروں کے خلاف منفی پراپگنڈاکر کے انہیں کمزور کرنا چاہتے ہیں ۔ اس قسم کی حرکتیں ملک دشمن ہی کر سکتے ہیں ۔ یہ باتیں انہوںنے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں اندرون سندھ سے آئے ہوئے مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر آغا ارسلان، منصور شیخ ،الیاس شیخ ، دیوان سچل ، قادری بھائی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ احتساب کا عمل اب رکنے والا نہیں ، کرپٹ عناصر کسی بھی سیاسی جماعت یا ادارے میں موجود ہوں ان کا کڑا احتساب ہونا چاہئے۔ آئین اور قانون کی بالا دستی ہی اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ نواز شریف اپنی کرپشن چھپانے کے لئے اعلیٰ عدلیہ اور دیگر قومی اداروں پر بے جا تنقید کر رہے ہیں ۔ پاکستان کی با شعور عوام حقائق سے آگا ہ ہو چکی ہے، انہیں اچھی طرح پتہ ہے کہ کو ن چور اور کون دیانت دار ہے۔ پاکستانی قوم قومی اداروں پر بے جا تنقید کسی صورت برداشت نہیں کرے گی ۔ پوری قوم اس ملک کی بقائ اور سلامتی کے لئے پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طاقتور خاندان کو کٹہرے میں کھڑا کرنا اور ان کا احتساب کرنا پاکستانی عوام کی فتح ہے۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے۔ اب وقت بدل چکا ہے ، غریب عوام کے خون پسینے کے ٹیکس کے پیسے کو چوری کرنے والے اب دس بار سوچنے پر مجبور ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.