mayor karachi

ترقی کا یہی حال رہا تو شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوجائے گا، میئر کراچی

کراچی جدت ویب ڈیسک میئر کراچی وسیم اختر نے آج اچانک گلستان جوہر بلاک نمبر 2 اور 4 کی اندرونی گلیوں کا دورہ اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اس موقع پر ضلع شرقی کے وائس چیئرمین عبدالرئوف خان، یوسی 27 شرقی کے چیئرمین احترام الحق اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ یوسی 27 میں پانی کی 14 انچ کی لائن ڈالی جا رہی ہے جس سے اس علاقے میں پانی کا مسئلہ حل ہوگا انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے لیکن اس ذمہ داری کو بھی ہم پورا کر رہے ہیں، کے ایم سی اور یونین کونسلز شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کام کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ 14 انچ کی ایک ہزار فٹ کی یہ لائن یوسی 27 میں ڈالی جا رہی ہے تاکہ یہاں پانی کا مسئلہ حل ہوسکے، انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کی اندرونی گلیوں کو پختہ کرنے کا کام بھی جاری ہے اور تمام اضلاع میں یوسی چیئرمین ان کاموں کی نہ صرف نگرانی کررہے ہیں بلکہ کے ایم سی کی جانب سے انہیں جو فنڈز فراہم کئے گئے ہیں اس سے اندرونی گلیوں، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس، گٹر کے ڈھکنوں، پارکوں کی درستگی، فٹ پاتھ اور روڈ نیٹ ورک کو بہتر کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی 2 کروڑ روپے لاگت تک کی متعدد اسکیموں پر کام کر رہی ہے تاکہ شہر میں روڈ نیٹ ورک کو بہتر کیا جاسکے، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کو اب ترقیاتی کام نظر آنا شروع ہوگئے ہیں اور یوسی چیئرمین محنت، تندہی اور جانفشانی کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں فرائض انجام دے ہیں اور دستیاب فنڈز اور وسائل کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں مسائل موجود ہیں اور ہم شہر کے مسائل کو اپنے مسئلے سمجھ کر حل کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کو اس وقت دنیا کا ترقی یافتہ شہر ہونا چاہئے تھا لیکن افسوس کہ یہ پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں سے بھی پیچھے رہ گیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کی ترقی کا یہی حال رہا تو یہ شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوجائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ شہری ادارے جن کے ذمے شہر کی صفائی ستھرائی، پانی کی سپلائی اور سیوریج کے نکاسی کا کام ہے وہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں اور شہری منتظر ہیں کہ کب یہ ادارے اپنے فرائض انجام دیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات ثابت کریں گے کہ کراچی کے شہری ہمارے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور اپنے منتخب نمائندوں کے اختیارات اور وسائل کا ادراک رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ سوتیلی ماں سے بھی بدتر ہے،میئر کراچی نے اس موقع پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.