Iranian foreign minister Mohammad Javad Zarif

بیلسٹک میزائل یا نئی پابندیاں‘ فرانس نے ایران کو آپشن دیدیا

پیرس جدت ویب ڈیسک :فرانس کے وزیر خارجہ جان ایف لودریاں کا کہنا ہے کہ ایران کو چاہیے کہ اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے اندیشوں کو دور کرے نہیں تو دوسری صورت میں اسے نئی پابندیوں کا سامنا ہو گا۔ اپنے ایران کے دورے سے قبل فرانسیسی اخبار کو دیئے گئے بیان میں لودریاں کا کہنا تھا کہ ایسے بیلسٹک میزائلوں کا پروگرام موجود ہے جو ہزاروں کلو میٹر تک مار کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور ایران کی سرحدوں کے دفاع کی ضرورت سے تجاوز بھی ہے۔انہوں نے باور کرایا کہ اگر اس معاملے پر فوری طور پر روک نہ لگائی گئی تو یہ ریاست نئی پابندیوں کی زد میں ہو گی۔ایران نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے بیلسٹک میزائلوں سے دست بردار نہیں ہو گا۔ایرانی مسلح افواج کے ترجمان جنرل مسعودی جزائری نے ہفتے کے روز بتایاتھا کہ ان کا ملک میزائل پروگرام پر صرف اس شرط پر بات چیت کے لیے تیار ہوگا کہ مغرب بھی اپنے جوہری ہتھیار اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تباہ کر دے۔جزائری نے کہا کہ امریکا اور اس کے حواریوں نے ایران کے میزائل پروگرام کو روکنے کے لیے کئی طرح کی پابندیاں عاید کیں مگر ان پابندیوں کے نتیجے میں ہماری امنگوں پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا بلکہ ایران کے میزائل پروگرام میں مزید بہتری آئی ہے۔خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2015ئ کو مغربی ملکوں اور ایران کے درمیان طے پائے معاہدے کو منسوخ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ طے پائے معاہدے میں کئی سقم اور کمزوریاں موجود ہیں اور انہیں ختم کرنا ضروری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.