Mirwaiz Umar Farooq APHC Chairman

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے،میر واعظ عمر فاروق

سرینگر جدت ویب ڈیسک :مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت حق پر مبنی کشمیر یوں کی تحریک کو دبانے اور جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے گزشتہ ستر برس سے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال اور نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں ناکام رہا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بارے میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈﺅل کا حالیہ بیان نہ صرف بھارتی تکبر کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ تاریخی حقائق، مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال ، جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی بھی ہے۔ ڈﺅل نے کہاتھا کہ جموںوکشمیر کے لیے علیحدہ آئین ایک غلطی تھا۔ میر واعظ عمرفاروق نے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو جموںوکشمیر میں بسا کر یہاں کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرنا چاہتا ہے اوراس مذموم مقصد کے حصول کے لئے وہ عدالتوں کا استعمال کررہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کرنے کی ضرورت ہے۔ حریت فورم کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر اسی حق خود ارادیت کےلئے برسرمزاحمت ہیں جس کا ان سے بین الاقوامی سطح پر وعدہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔انہوںنے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت و افادیت آج بھی اسی طرح سے قائم اور برقرار ہے جس طرح سے کئی دہائیوں قبل تھی۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری ان قرار دادں پر عمل درآمد کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیریوںسے کیے گئے وعدے پورے کیے ہوتے تو مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ رواں نہ ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت ظلم وجبر کے ذریعے کشمیریوں کی خواہشات کو ہرگز دبا نہیں سکتا کیونکہ ان کی جدوجہد حق پر مبنی اور بے شمار قربانیوں سے مزین ہے اور انہیں یقین اور بھروسہ ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہونگے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.