امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کینٹکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے لئے تیار

Serena Williams
August 9, 2020 2:02 pm

نیویارک: جدت ویب ڈیسک: امریکا کی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینا ولیمز رواں ماہ کینٹکی میں ایک نئے ڈبلیو ٹی اے ہارڈ انڈورکورٹ ٹورنامنٹ میں واپسی کریں گی۔ کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 10 اگست سے شروع ہوگا جس میں چھ مرتبہ یو ایس اوپن کی فاتح سرینا ولیمز اور 2017ء میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی امریکی ٹینس سٹار سلونی سٹیفنز ڈبلیو ٹی اے کھیل دوبارہ شروع ہونے پر میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ سرینا ولیمز رواں سال فروری میں ہونے والے فیڈ کپ میں امریکہ کی نمائندگی کے بعد سے نہیں کھیلی ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث ڈبلیو ٹی اے ٹور کے ساتھ ساتھ بیشتر عالمی کھیلوں کی سرگرمیاں پوری دنیا میں متاثر ہوئیں ہیں۔ ڈبلیو ٹی اے ٹور ایونٹس رواں 3 اگست سے دوبارہ شروع ہو چکے ہیں۔ 38 سالہ سرینا ولیمز نے پہلے ہی کہا ہے کہ وہ رواں ماہ شیڈول گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی، جس کا آغاز 31 اگست کو نیویارک میں ہوگا۔کینٹکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ دو نئے ایونٹس میں سے ایک ہے جس کی تصدیق ڈبلیو ٹی اے کے چیف ایگزیکٹو سٹیو سائمن نے گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی تھی۔ ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کا آغاز 3 اگست سے اٹلی میں پالرمو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دوبارہ ہو چکا ہے۔

متعلقہ خبریں