آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز جیت لی

November 8, 2019 7:00 pm

جدت ویب ڈیسک ::آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں10وکٹوں سے شکست دیدی۔آسٹریلیا نے 3ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 2-0سے جیت لی۔
پرتھ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 107 رنز کا ہدف دے دیا۔ افتخار احمد کے علاوہ کوئی پاکستانی بلے باز آسٹریلوی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرسکا۔
کپتان بابر اعظم 6 رنز ہی بنا سکے جبکہ اوپنر امام الحق 14 رنز بنا کر چلتے بنے۔ محمد رضوان کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان ،آصف علی، وہاب ریاض اور محمد عرفان ٹیم سے ڈراپ کر کے امام الحق، خوشدل شاہ، موسی خان اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ موسی خان اورخوشدل شاہ نے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا۔
جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے 11.5 اوورز میں پور ا کرلیا۔ کپتان ایرون فنچ نے 52 رنز جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ اور پھر باؤلنگ کے شعبہ میں بھی ناکام رہی ، محمد عامر نے 3اوور ز میں 25، موسی خان نے 3.5اوورزمیں 39، محمد حسنین نے 4اوورز میں32اور عماد وسیم نے ایک اوورمیں 12رنز کی پٹائی برداشت کی ۔آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی شکست نے شائقین کرکٹ کو مایوس کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ میں باران باران رحمت خوب برسی جس کی وجہ سے پاکستان یقینی شکست سے بچ گیا۔ دوسرے میچ میں بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار نصف سنچریوں کے باوجود پاکستانی بائولرز 150 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ اسٹیواسمتھ نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان سے فتح چھین لی۔

متعلقہ خبریں