ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا‘ بین سٹوکس

Ben stokes Cricketer England
July 10, 2019 5:14 pm

برمنگھم جدت ویب ڈیسک : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنا کینگروز کےخلاف ایشز سیریز میں فتح سے بڑا کارنامہ ہو گا، ٹیم کے پاس ہوم گرائونڈ پر عالمی ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر پرفارم کرنا ہو گا،انگلینڈ نے رواں سال ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیا کےخلاف ایشز سیریز کی میزبانی کرنی ہے۔ بدھ کو ایک بیان میں سٹوکس نے کہا کہ ہماری ٹیم کئی بار آسٹریلیا کےخلاف ایشز سیریز جیت چکی لیکن ہمارے پاس ورلڈ کپ ٹائٹل کی کمی ہے اسلئے میرے خیال میں ورلڈ کپ جیتنا ایشز سیریز میں فتح سے کہیں زیادہ بڑھ کر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں کینگروز کو شکست دیکر میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرینگے۔انہوں نے کا کے اس مقصد کے حصول کیلئے ٹیم نے حکمت عملی تیاری کرلی ہے اور ٹیم آسٹریلیا کےخلاف میچ کےلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر زندگی اور موت کا معاملہ ہو اور مجھے دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو میں یقینی طور پر ورلڈ کپ ٹائٹل حاصل کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے پاس اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا بہترین موقع ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام تر توجہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ پر مرکوز ہے، میگا ایونٹ کے بعد ایشز سیریز کے بارے سوچیں گے۔

متعلقہ خبریں